Live Updates

کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں،شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا تو اپنی جگہ کسی اور نامزدگی نہ کرتے،فردوس عاشق اعوان

ایک بھائی فرار ہوگیا ، دوسرا فرار ہونے کی تیاریوں میں ہے، یہ لوگ این آر او لینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں،حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے انتشار کا شکار ہیں، سارا ٹبر خود ساختہ جلاوطنی کے ذریعے اپنے آپ کو ماضی میں کیے گئے کاموں پر بے نقاب کرنے میں مصروف ہے، معاون خصوصی کاانٹرویو

جمعرات 2 مئی 2019 19:25

کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں،شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں،شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا تو اپنی جگہ کسی اور نامزدگی نہ کرتے،ایک بھائی فرار ہوگیا ، دوسرا فرار ہونے کی تیاریوں میں ہے، یہ لوگ این آر او لینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں،حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے انتشار کا شکار ہیں، سارا ٹبر خود ساختہ جلاوطنی کے ذریعے اپنے آپ کو ماضی میں کیے گئے کاموں پر بے نقاب کرنے میں مصروف ہے۔

ایک انٹرویو میں معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مسلم لیگ (ن )نے عمران خان کے بیانیے پر عمل کرکے قیادت کو بدلا۔انہوںنے کہاکہ کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا تو وہ اپنی جگہ کسی اور نامزدگی نہ کرتے،این آر او نہیں ملا یہ لوگ این آر او کی تلاش میں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کسی اور کی نامزدگی این آر او کی طرف پہلا قدم ہے۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف لندن جا کر اپنی کرپشن کو دفن کرنا چاہتے تھے اور ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کا پاکستان واپس نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ ریڑھی والوں کے اکاؤنٹس کے پیسے وہ انہیں دینے کو تیار نہیں، ایک بھائی فرار ہوگیا اور دوسرا فرار ہونے کی تیاریوں میں ہے، یہ لوگ این آر او لینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اور قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی جگہ لیگی رکن کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیے جانے پر اپنے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ اپنے گھر سے باہر چوکیدار بھی تعینات نہیں کرتے، نئی نامزدگیوں نے ثابت کردیا کہ شہباز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیماری سے متعلق اب تک حتمی اطلاعات پاکستان کے عوام کے سامنے نہیں آئیں، خودساختہ جلاوطنی کے لیے ان کی صحت کے امور آڑے آئیں گے اور کسی ڈاکٹر سے رابطے کریں گے جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر گردش کرتی ہیں جس میں انہیں شاپنگ مالز میں یا ویڈیو گیمز کھیلتے دیکھا گیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ عوام کو باور کراتی رہی ہے کہ یہ لوگ لوٹے گئے پیسہ کو چھپانے کی حکمت عملی میں مصروف ہیں اور کہیں نہ کہیں عدالتوں کا سہارا لینے یا طبی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی کوششوں میں ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے انتشار کا شکار ہیں، سارا ٹبر خود ساختہ جلاوطنی کے ذریعے اپنے آپ کو ماضی میں کیے گئے کاموں پر بے نقاب کرنے میں مصروف ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات