Live Updates

مہند ڈیم کا قیام زرعی اور صنعتی شعبوں کے پائیدار استحکام کی طرف اہم ترین قدم ہے ، سید ضیاء علمدار حسین

جمعرات 2 مئی 2019 23:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2019ء) : فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے زرعی اور صنعتی دونوں شعبوں کے پائیدار استحکام کی سمت اہم ترین قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں پانی کی قلت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

اس صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان نے جراتمندانہ فیصلے کئے اور مقامی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم تعمیر کرنے کا پروگرام بنایا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی کوششوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے بہترین مفاد کیلئے ڈیموں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس ڈیم میں 12لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا جبکہ اس سے 800میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی ۔

اس ڈیم سے سولہ ہزار ایکڑ اضافی رقبے کو زیر کاشت لایا جا سکے گا جبکہ پشاورکے لوگوں کو پینے کیلئے 300ملین گیلن صاف پانی بھی مہیا کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیم سے پاکستانی معیشت کو کروڑوں روپے سالانہ کا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے عمران خان کو اس ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اس کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیںگے۔

سید ضیاء علمدار حسین نے فیصل آباد ڈویژن کی پانی کی اضافی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے چنیوٹ ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا بھی مطالبہ دوہرایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ چھوٹا ڈیم ہے جس پر صرف 146.330ملین روپے کی لاگت آئے گی جبکہ اس میں 0.85ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی بھی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چنیوٹ ڈیم کیلئے منتخب کی جانے والی جگہ قدرتی طور پر انتہائی مناسب اور موزوں ہے ۔

یہ مٹی کا ڈیم ہو گا جس کی بلندی صرف 60فٹ ہو گی جبکہ اس سے 80میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ فیصل آباد میں سی پیک کے تحت تیزی سے صنعتیں لگ رہی ہیں اس لئے ان کی بجلی کی اضافی ضروریات کو یہیں سے پورا کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیم میں ذخیرہ کئے جانے والے پانی سے نئی نہروں کے ذریعے مزید بے آباد رقبوں کو آباد بھی کیا جا سکے گا۔ اس لئے حکومت کو اس ڈیم کی فوری تعمیر بھی شروع کر دینی چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات