روح افزاء کی بوتل کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں، کمپنی کی جانب سے عوام کو ہدایت

مشروب میں چینی کا تناسب بہت زیادہ ہے، ریفریجریٹر میں رکھنے کی صورت میں مشروب بوتل کی تہہ میں جم جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 6 مئی 2019 23:21

روح افزاء کی بوتل کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں، کمپنی کی جانب سے عوام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2019ء) روح افزاء کی بوتل کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں، کمپنی کی جاننب سے عوام کو ہدایت، مشروب میں چینی کا تناسب بہت زیادہ ہے، ریفریجریٹر میں رکھنے کی صورت میں مشروب بوتل کی تہہ میں جم جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق مشہور زمانہ شربت بنانے والی کمپنی ہمدرد کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ روح افزاء کی بوتل کو فریج میں رکھنے سے گریز کیا جائے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روح افزاء کی ایک بوتل میں 800 گرام تک شکر ہوتی ہے اس لیے مشروف ریفریجریٹر میں رکھنے کی صورت میں یہ بوتل کی تہہ میں جم جائے گا۔ روح افزاء کے مینیجر مستجاب علی خان نے نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روح افزاء میں چینی کا تناسب بہت زیادہ ہے، جس کی وجہ سے میں لوگوں کو بوتل فریج میں نہ رکھنے کا مشورہ دوں گا۔

(جاری ہے)

مٹھاس کے اس تناسب کی وجہ سے شوگر کے مریضوں کو روح افزاء استعمال کرنے کی تجویز نہیں دی جاتی۔ تاہم اب ہمدرد شوگر فری فارمولے پر کام کررہا ہے۔ اس میں تقریباً ایک سال کا عرصہ لگے گا۔ فی الحال ہمدرد نے فوری استعمال کیلئے ’’روح افزاء گو‘‘ کے نام سے کین میں تیار محلول متعارف کرایا ہے، جس کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن سے اشتراک ہوا ہے اور یہ ڈرنک پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کے مسافروں کو فراہم کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ موجودہ دور میں ’’ریڈی ٹو ڈرنگ‘‘ آپشن صارفین کیلئے زیادہ موزوں رہے گا، جس کیلئے ٹیٹرا پیک بھی ایک آپشن ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ روح افزا 1907ء میں ہمدرد دواخانہ کی جانب سے متعارف کرایا گیا تھا، جسے اب 112 سال ہوچکے ہیں۔ جبکہ روح افزاء کی فروخت تقریباً 10 گنا بڑھ چکی ہے۔