ماجو میں کمپیوٹر سائنس اور سافٹ وئیر انجینئرنگ کی تعلیم کو بڑی اہمیت حاصل ہے،پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد

منگل 7 مئی 2019 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2019ء) نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل (این سی ای اے سی) کی ایک تین رکنی جائیزہ ٹیم نے گزشتہ روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائینس ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کی سربراہی میں محمد علی جناح یونیورسٹی،(ماجو) کراچی کے کمپیوٹر سائینس کے شعبہ کا دورہ کیا اور وہاں کمپیوٹر سائینس کے تعلیمی پروگرام کے نصاب، فیکلٹی، کلاس رومز۔

لیب اور لائیبریری و دیگر سہولتوں کا جائیزہ لیا۔این سی ای اے سی کی ٹیم کے دیگر اراکین میں کامسٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے کمپیو ٹر سائینس کے شعبہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف اور آئی بی اے سکھر کے کمپیوٹر سائینس کے شعبہ کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان سومرانی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ماجو کے کمپیوٹر سائینس کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر شوکت وصی نے اس موقع پر دی جانے والی اپنی بریفنگ میں یونیورسٹی کے قیام، اس کے شعبوں،کمپیوٹر سائینس اور سافٹ وئیر انجینئرنگ کے زیر تعلیم طلبہ، فیکلٹی اور سابق طلبہ سے متعلق معلومات،تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں،یونیورسٹی کے وسائل اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں،تعلیمی طریق کار،بی ایس ۔

کمپیوٹر سائینس اور سافٹ وئیر انجینئرنگ ڈگری پروگرامز سے متعلق تفصیلات اور مستقبل کے پروگراموں سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کمپیو ٹر سائینس کے طلبہ کو وسیع تعداد میں سافٹ وئیر انجینئرنگ،روبوٹکس، پروگرامنگ اینڈ سمولیشن،کمپیوٹنگ، ایڈوانس نیٹ ورکس،آرٹیفیشل انٹیلیجنس،الیکٹرسٹی اینڈ میگنیٹزم،ڈیجیٹل اور ریسرچ لیب کے علاوہ لیپ ٹاپ لیب،اسمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل لائیبریری کی سہولتیں حاصل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی لائیبریری میں کمپیوٹر سائینس سے متعلق کتابوں،ٹیکنیکل میگزین،ریسرچ جنرل،ڈیجیٹل لائیبریری،لائیبریری انفارمیشن سسٹم کوہا،ریڈنگ روم،بحث و مباحثہ کے روم،رسالوں کا سیکشن اور گروپ اسٹڈی روم کی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ڈاکٹر شوکت وصی نے کہا کہ ہمارا یہ مشن ہے کہ کمپیوٹر سائینس اور سافٹ وئیر انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے ضمن میں قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

این سی ای اے سی کے وفد کو دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر ماجو کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ، ایسوسی ایٹ ڈین کمپیو ٹنگ اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عاصم امداد، ڈائیریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عمران جامی، کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر سیدّ خلیق الرحمان رازی، ڈائیریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر غضنفر منیراور سینئر فیکلٹی ممبران ڈاکٹر تفسیر احمد،نعمان انصاری،محمد عشمان،نعمان حسن اور اسامہ احمد خان موجود تھے۔