مجھے لگا کہ پاکستانی ریڈار بادلوں کی وجہ سے بھارتی جہاز نہیں دیکھ سکے گا اس لیے حملے کی اجازت دی،نریندرمودی

فضائی ماہرین نے کہا کہ حملے کی تاریخ بدل دیں موسم ٹھیک نہیں لیکن میں نے کہا کہ بادلوں کا فائدہ ہو گا، جاؤ!بھارتی وزیراعظم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 مئی 2019 15:41

مجھے لگا کہ پاکستانی ریڈار بادلوں کی وجہ سے بھارتی جہاز نہیں دیکھ سکے ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی2019ء) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک انٹر ویو کے دوران کہا ہے کہ انہیں لگا کہ پاکستانی ریڈار بادلوں کی وجہ سے بھارتی جہاز نہیں دیکھ سکے گا اس لیے انہوں نے بھارتی فضائیہ کو پاکستان پر حملے کی اجازت دی۔ نریندر مودی نے انٹر ویو کے دوران کہاکہ 26مئی کی رات بالاکوٹ حملے کے وقت موسم اچانک خراب ہو گیا تھا اور انہوں نے اس حوالے سے منصوبے کو 9بجے رویو کیا اور پھر 12بجے بھی رویو کیا، بارش کی وجہ سے موسم شدید خراب تھا اور انہیں ماہرین نے مشورہ دیا کہ اس حملے کو موخر کر دیا جائے لیکن انہوں نے سوچا کہ موسم بھارتی فضائیہ کی مدد کرے گا اور پاکستانی ریڈار بادلوں کی وجہ سے بھارتی جہاز نہیں دیکھ سکے گا۔

اس مضحکہ خیزانٹر ویو پر سوشل میڈیا صارفین نے نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے ٹویٹر پر ’انٹائر کلاؤڈ کور‘ کے نام سے ٹرینڈ بھی چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم کے اس انٹرویو کی کلپ کو بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے شئیر کیا تھا لیکن شدید تنقید کے بعد بھارتی جنتا پارٹی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ ہٹا لی ہے جس پر تنقید کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مسلمان سیاستدان عمر عبداللہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’لگتا ہے ٹویٹ بادلوں میں کھو گئی‘۔

عمرعبداللہ نے ایک اور طنزیہ ٹویٹ میں کہا کہ ’یاد رکھا جائے کہ پاکستانی ریڈاربادلوں میں سے جہاز کا پتا نہیں چلا سکتے اور اس اہم معلومات کو اگلے حملے کے وقت استعمال کیا جائے۔‘ 
 کمیونسٹ پارٹی کے اہم رہنما سیتا رام یچوری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’مودی کے الفاظ صحیح معنوں میں شرمناک ہیں، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ الفاظ ہماری فضائیہ کی بے عزتی ہیں کہ وہ ناواقف اور غیر پیشہ ور ہے۔

‘ انہوں نے لکھا کہ ’ان الفاظ کا مطلب تو یہ ہے کہ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ اپنے آپ میں ملک مخالف ہے۔ کوئی بھی وطن پرست ایسا نہیں کرے گا۔‘
بھارت میں مسلمانوں کے معروف رہنما اسد الدین اویسی نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ’سر، سر آپ تو غضب کے ایکسپرٹ ہیں۔ سر گذارش ہے کہ اپنے نام سے چوکیدار ہٹا دیجیے اور ایئر چیف مارشل اور پردھان لکھیے۔

آپ کیا ٹونک پیتے ہیں،؟آپ کے بٹوے میں ہر شعبے کا فارمولا ہے سوائے جاب، معیشت، صنعتی ترقی، زراعت کے مسائل کے۔‘
اس کے علاوہ وٹس ایپ پہ ایک شعر بھی مشہور ہو رہا ہے جس میں نریندر مودی کو مرزا کلاؤڈی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
وٹس ایپ پر نریندر مودی کر شاعر مرزا کاؤڈی بنا دیا گیا
وٹس ایپ پر نریندر مودی کر شاعر مرزا کاؤڈی بنا دیا گیا
بھارتی وزیراعظم کے اس انٹرویو نے بھارت کو ایک بار پھر پوری دنیا کے سامنے شرمندہ کر دیا ہے اور بھارتی وزیراعظم پر خود بھارتی تنقید کر رہے ہیں۔