گوادر پی سی ہوٹل حملے میں 5شہری شہید 6زخمی ہوئے، زخمیوں میں پاک فوج کے 2کپتان اور بحریہ کے 2اہلکار بھی شامل، آئی ایس پی آر

تینوں دہشتگردوں کو مارنے کے بعد ہوٹل میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، آئی ایس پی آر نے گوادر حملے کی تفصیلات جاری کر دیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 مئی 2019 16:31

گوادر پی سی ہوٹل حملے میں 5شہری شہید 6زخمی ہوئے، زخمیوں میں پاک فوج کے ..
گوادر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی2019ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ گوادر پی سی ہوٹل میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیاہے۔ آئی ایس پی آر نے حملے کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گوادر کے فائیو سٹار ہوٹل پر 3دہشت گردوں نے حملہ کیا جنہیں سکیورٹی گارڈز نے مرکزی ہال میں جانے سے روکا جس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور سکیورٹی گارڈ ظہور شہید ہو گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد ہوٹل کے سیڑھیوں والے راستے سے داخل ہوئے اور انہوں نے سیڑھیوں پر بھی فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ادہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس، نیوی اور پولیس نے حصہ لیا اور سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں پاک فوج کے 2کپتان زخمی ہوئے ہیں جبکہ پاک بحریہ کے 2اہلکار بھی زخمی ہیں ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور پاک بحریہ کا 1اہلکار شامل ہے۔شہید ہونے والے ہوٹل ملازمین میں اویس، فرہاداور بلاول شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل کی گیلری تک محدود کر دیا گیاتھا اور اس کے بعد تینوں دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز نے ماردیا۔

آئی ا یس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر ان کی شناخت کا کام جاری ہے اور ہوٹل کی کلئیرنس ہو گئی ہے۔