آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا، معاشی ڈھانچے کو کھوکھلا بنا کر شرح نمو بڑھانے کے جھوٹے دعوے کئے گئے، عمر سرفراز چیمہ

پیر 13 مئی 2019 19:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے حزب اختلاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا، روزِ اول سے کہتے آئے ہیں کہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفاد کیلئے آئندہ نسلوں کو قرض کی دلدل میں جکڑا۔

پیر کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ پریس ریلیز نے تحریک انصاف کے مؤقف کی تصدیق کر دی، حزب اختلاف آئی ایم ایف کی پریس ریلیز میں اپنی حکومتوں کے چہرے دیکھے، آئی ایم ایف کے بیان نے ثابت کردیا کہ دونوں جماعتوں نے مل کر پاکستانی معیشت کو تباہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلسل نشاندہی کی کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے جان بوجھ کر معاشی اصلاحات سے گریز کیا، آئی ایم ایف بھی کہنے پر مجبور ہے کہ پاکستان کو نہایت کٹھن معاشی صورتحال کا سامنا ہے، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناہموار پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی سست روی کی شکار ہے، آئی ایم ایف نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں کے ناقص معاشی فیصلوں کے باعث افراطِ زر بلند، قرض نہایت زیادہ اور بیرونی صورتحال بے حد کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا ابہام باقی ہے کہ معاشی ڈھانچے کو کھوکھلا بنا کر شرح نمو بڑھانے کے جھوٹے دعوے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے جان بوجھ کر اداروں کو کمزور کیا تاکہ خود پاناما اور جعلی اکاؤنٹس جیسے ڈاکے ڈال سکیں۔ عمر چیمہ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی تباہی کے حوالہ کرنے والے شخص کو (ن) لیگی وزیراعظم نے اپنے جہاز میں ملک سے فرار کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے نکالا جانا ہی شاید کافی نہیں، ملکی معیشت کی چولیں ہلانے والوں کے خلاف سنگین غداری کے مقدمہ چلنے چاہئیں۔