رواں سال سجاس کے تحت دو ممبران عمرہ ادا کریں گے، شہزادہ معین اور محمود ریاض قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب

پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹس پروفیشنل ازم میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ قائم مقام قونصل جنرل جاپان سجاس کا عمرے کے لیئے اپنے ممبران کو بھیجنا بہت بڑی سعادت ہے۔ یحیی پولانی

ہفتہ 18 مئی 2019 18:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے تحت سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل کتسونوری اشہیدا، ممتاز تاجر یحیی پولانی، ظفر احمد پراچہ، ڈائریکٹر اطلاعات سندھ زینت جہاں، اولمپیئن سمیع اللہ، اولمپیئن افتخار سید، پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن پروفیسر اعجاز فاروقی، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، سیکریٹری احمد علی راجپوت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان آصف عظیم، کمشنر کراچی کے اسپورٹس ایڈوائزر غلام محمد خان، سندھ بوائز اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے سربراہ اختر میر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی، کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر، پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے سیکریٹری آصف جے جا، عمران گیلانی، نیشنل بینک کے ترجمان ابن حسن، جاوید کیانی، سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے خالد رحمانی، سرور حسین، سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالحمید، اصغر بلوچ، سعید احمد، محمد اسلم خان، لیر لیگ فٹبال کے منیجر ریاض احمد، جاوید علی، رامس علی، گلفراز احمد خان، سجاس کے صدر طارق اسلم، سیکریٹری اصغرعظیم کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور سجاس کے ممبران سمیت کھیلوں سے وابستہ مختلف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے قائم مقام قونصل جنرل کتسونوری اشہیدا نے کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کو ایک پلیٹ فارم پر دیکھ کر خوشی محسوس کررہا ہوں، رمضان کے بابرکت مہینے میں افطار ڈنر کی تقریب شاندار ہے، جاپان میں ٹوکیو اولمپک کی تیاریاں مکمل ہیں، جاپان کا دنیاکے سب سے بڑے مقابلوں کی میزبانی ایک اعزاز ہے، پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹس پروفیشنل ازم میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں امید ہے کہ ٹوکیو اولمپک کی کوریج میں بھی یہ اپنا کردار ادا کریں گے۔

ممتاز برنس مین اور پولانی گروپ کے سربراہ یحیی پولانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے سجاس کے ساتھ ہوں ، سجاس سے پہلے اسپورٹس جرنلسٹس کا اپنا کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا، اپنے ممبران کو عمرہ کرانا بہت بڑی سعادت ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ سجاس کی افطار پارٹی اسپورٹس جرنلسٹس کی پلیٹ فارم سے ہونے والی تقریبات میں ایک جداگانہ اہمیت کی حامل ہے۔

کراچی پریس کلب کے صدر و سیکریٹری امتیاز فاران،ارمان صابر نے کہا کہ وقت کے ساتھ سجاس ایک منظم ایسوسی ایشن کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ سجاس کا اپنے ممبران کو عمرہ کرانا ایک قابل ستائش کام ہے۔ سابق اولمپئن سمیع اللہ خان کا کہنا تھا سجاس کی تقریبات میں شرکت اپنے لئے ایک اعزاز سمجھتا ہوں۔ کے سی سی اے سابق صدر پروفیسر اعجاز فاروقی کا کہنا تھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کو ایک جگہ متحد کرنے میں سجاس کا کردار قابل ستائش ہے، گزشتہ تین برس میں سجاس کے تحت ہونے والی تقریبات اور ورکشاپس کا انعقاد سے واضح ہے کہ یہ ایک متحرک ایسوسی ایشن ہے۔

اس موقع پر افطار پارٹی میں موجود سجاس کے ممبران کے درمیان عمرے کی ادائیگی کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے دو ممبران شہزاد ہ معین اور محمود ریاض کا انتخاب کیا گیا جو ماہ ربیع الاول میں عمرے کی سعاد ت کے لئے جائیں گے۔