سعودی عرب، سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی

اتوار 19 مئی 2019 11:15

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) کینیڈا کی ایک فرم آئی میکس بھی ایسی کمپنیوں میں شامل ہے جو سعودی عرب کی سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔آئی میکس کے چیف آپریٹنگ آفیسر رچ گیلفونڈ ان دنوں فرانس میں جاری کان فلم فیسٹیول میں موجود ہیں جہاں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کو پذیرائی مل رہی ہے۔

ان کے بقول سعودی عرب کی فلمی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔سعودی عرب میں دبئی کی فرام واکس کے اشتراک سے آئی میکس کے پہلے ہی دو سینما گھر کام کر رہے ہیں، تاہم آئی میکس براہ راست سعودی عرب میں کام کرنا چاہتا ہے۔اس وقت سعودی عرب میں اے ایم سی، واکس، سنے پولس اور ایمپائر نامی کمپنیاں سینما گھر بنا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

فلمی صنعت سے وابستہ افراد کے مطابق سعودی عرب میں تھیٹرز کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال کے آغاز پر جدہ میں ملک کا پہلا سینما گھر قائم ہوا تھا۔

جس سے چار ماہ کے دوران 15 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوئی ، جب کہ اب اس کاروبار میں ہر نئے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔سینما انڈسٹری سے منسلک افراد کے مطابق سعودی عرب کا مقابلہ متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، مصر اور لبنان کی فلم انڈسٹری سے ہو گا جہاں فلمی صنعت کی جڑیں کافی مضبوط ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب میں فلمی صنعت کی ترویج و ترقی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مرہون منت ہے جو ملک میں تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔