Live Updates

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح سے ملاقات‘ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے امیر کویت کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں

پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘ کویت میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت و ماہرین کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ‘ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

اتوار 19 مئی 2019 17:00

کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوارکو امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے امیر کویت کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں ، انہوں امیر کویت کو رمضان شریف کی مبارکباد بھی پیش کی۔ وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

کویت میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت و ماہرین کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح کو ویزہ پابندیوں کے حوالے سے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے خصوصی خطوط بھی امیر کویت کی خدمتِ میں پیش کئے اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش ویزہ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ان سے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔

وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے ،کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستانی موقف کی حمایت پر امیر کویت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ امیر کویت نے پاکستانی قیادت بالخصوص وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کاوشوں کا یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات