Live Updates

عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج کا اعلان، مسلم لیگ ن تحریک شروع کرنے سے خوفزدہ

مسلم لیگ ن کمزور اسٹریٹ پاور سے گھبرا گئی، احتجاجی تحریک سے قبل جلسوں کی صورت میں ریہرسل احتجاج کرنے کے آپشن پر غور شروع کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مئی 2019 11:21

عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج کا اعلان، مسلم لیگ ن تحریک شروع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مئی 2019ء) : عید کے بعد تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے اور تحریک لانے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن مسلم لیگ ن اپنی کمزور اسٹیٹ پاور کی وجہ سے خوفزدہ ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر بھی کوئی خاطر خواہ احتجاج نہیں کیا گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک تاحال مسلم لیگ ن کی جانب سے بڑے احتجاج کی کال دئے جانے کے باوجود مسلم لیگ ن کارکنوں کی مطلوبہ تعداد کو اکٹھا کرنے میں بارہا ناکام رہی ہے۔

اسی وجہ سے کسی شرمندگی سے بچنے کے لیے مسلم لیگ ن نے پہلے مرحلے میں احتجاجی تحریک سے قبل جلسوں کی صورت میں ریہرسل احتجاج کرنے کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت مخالف تحریک کا دارومدار بھی کامیاب ریہرسل احتجاج پر ہوگا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سینئر نائب صدر شاہدخاقان عباسی ،راجہ ظفرالحق کی قیادت نے نوازشریف کی طرف سے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کی اجازت کے بعد اسلام آباد میں اجلاس بھی طلب کررکھا ہے ۔

مسلم لیگ ن جلدی میں حکومت مخالف تحریک کے لئے کوئی قدم نہیں اُٹھائے گی کیونکہ مسلم لیگ ن تنظیم نو کے حوالے سے بھی مزید گروہ بندی کا شکار ہو چکی ہے۔ اویس لغاری کو جنرل سیکرٹری پنجاب لگانے پر لیگی رہنما ناخوش ہیں ۔ مسلم لیگ ن نے حال ہی میں اپنے تنظیمی ڈھانچے میں جو تبدیلیاں کی تھیں اُس سے پارٹی رہنما جنہیں عہدے نہیں دئے گئے اور ایسے رہنما جنہوں نے کبھی بھی مریم نواز اور عہدے پانے والے دیگر رہنماؤں کو پارٹی قیادت کی صورت میں قبول نہیں کیا تھا، نالاں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے اندر ایک اور مسلم لیگ ن بننے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں جس کے پیش نظر لیگی قیادت کواس بات کا علم ہے کہ یونین کونسل سطح پر بھی تنظیم سازی کی ضرورت ہے ۔ جس کے تحت امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجلاس میں عیدالفطر کے بعد پاور شو کرکے عوامی طاقت کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور عہدیداران تقریروں میں بڑھتی مہنگائی ، معیشت کی تباہی اور بے روزگاری پر بات کریں گے ۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کارکنوں کے ڈاؤن ہوتے ہوئے مورال اور کمزور اسٹریٹ پاور سے کافی پریشان ہے اور اس بات کر غور و خوض کیا جا رہا ہے کہ آخر حکومت مخالف تحریک کو کس طرح کامیاب بنایا جائے، اس حوالے سے کچھ رہنماؤں کو کارکنوں سے بات کرنے اور ان کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے اہم ٹاسک بھی سونپے گئے ہیں تاکہ ہر صورت حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنا کر عملی سیاست میں واپس آیا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات