Live Updates

قرآن کریم میں یتیم بچوں پر خصوصی توجہ کے احکامات ہیں، پاکستان میں مخیر حضرات کا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے،

یتیموں اور بے سہارا طبقے کی مدد اور خدمت کرنا حکومت کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے، ریاست یتیم بچوں کی تمام ضروریات پوری کر سکتی ہے مگر انہیں ماں باپ کا پیار نہیں دے سکتی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مسلم ہینڈز کے زیر اہمتام یوم یتامیٰ کے حوالے سے تقریب سے خطاب

منگل 21 مئی 2019 23:18

قرآن کریم میں یتیم بچوں پر خصوصی توجہ کے احکامات ہیں، پاکستان میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں یتیم بچوں پر خصوصی توجہ کے احکامات ہیں، پاکستان میں مخیر حضرات کا فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے، یتیموں اور بے سہارا طبقے کی مدد اور خدمت کرنا حکومت کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے یہ یتیم نوجوان پڑھ لکھ کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہمتام ایوان صدر میں اسلامی دنیا کے یوم یتامیٰ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں یتیم بچوں کی پذیرائی کی تقریب سب سے زیادہ خوشی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم معاشرے کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ قرآن کریم میں بھی یتیم بچوں پر خصوصی توجہ کے احکامات ہیں، حضور ؐ کا ارشاد ہے کہ جو شخص یتیم بچوں کی کفالت کرے گا، وہ قیامت کے دن آپ ؐ کے ساتھ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست یتیم بچوں کی تمام ضروریات پوری کر سکتی ہے تاہم وہ انہیں ماں اور باپ کا پیار نہیں دے سکتی۔ انہوں نے یتیموں کی فلاح و بہبود کے لئے کوششوں پر مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی تعریف کی۔ انہوں نے مسلمانوں کی وراثت فن خطاطی کی بحالی کے حوالے سے بھی ادارے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ اچھی تعلیم حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کریں اور اپنی مخفی صلاحیتوں کی تلاش پر توجہ مرکوز رکھیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے فلسفے پر عمل پیرا ہے جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا کرتے ہیں اور وہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا قوم سے کیا گیا وعدہ بھی پورا کریں گے۔ چیئرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل سید لخت حسنین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات