بھارت نے سیٹلائٹ سے پاکستانی سرحد کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کر لیا

پاکستانی سرحد کی نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ کو آج لانچ کیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 مئی 2019 11:58

بھارت نے سیٹلائٹ سے پاکستانی سرحد کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کر لیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء) : پاکستان بھارت سے تعلقات ٹھیک کرنے کی جتنی مرضی کوشش کر لے لیکن بھارت کا جنگی جنون اسے مذاکرات کی میز پر نہیں آنے دیتا۔ آئے دن ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاتی ہے جبکہ بھارت میں ہونے والی کسی بھی دہشتگردی کا الزام بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر عائد کر دیا جاتا ہے۔ اپنی اسی جنگی جنون کے پیش نظر بھارت نے پاکستانی سرحد کی سیٹلائٹ سے نگرانی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے کے چیئرمین کے سوان نے کہا کہ پاکستانی سرحد کی نگرانی کے لیے آج سیٹلائٹ لانچ کیا جائے گا۔ آج لانچ کئے جانے والے سیٹلائٹ کا فوکس پاکستانی سرحد پر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کو سیٹلائٹ کی مدد سے دہشتگردوں کی حرکت اور ان کے ٹھکانوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ قبل ازیں بھارت نے پاکستان کی سرحد پر ائیر ڈیفنس یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کی صدارت میں فوجی افسران کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں بعض جرنیلوں کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو پاکستانی طیاروں کے مقبوضہ کشمیر میں گھس کر اپنے ٹارگٹس حاصل کرلینے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری فضائی صلاحیتیں کتنی کمزور ہیں۔ بھارتی فوجی افسران نے بھارتی کی فضائی صلاحیتیں کمزور ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ بالا کوٹ ائیر اسٹرائیک کے بعد پاکستان کا ہماری حدود میں داخل ہونا یہ ثابت کرتا ہے وہ ہماری کمزوریوں سے واقف ہے لہٰذا ہمیں اپنے ائیر ڈیفنس یونٹوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے پاکستانی سرحدوں کے قریب تعینات کرنا چاہیئے تاکہ آئندہ کبھی ایسا واقعہ ہو تو ائیر ڈیفنس یونٹس بروقت جواب دے سکیں۔