ایبٹ آبادکے علاقہ ملک پورہ میں گھریلو تنازعہ پر سسر نے فائرنگ کر کے داماد کو قتل کر دیا

جمعرات 23 مئی 2019 14:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ایبٹ آبادکے علاقہ ملک پورہ میں گھریلو تنازعہ پر سسر نے فائرنگ کر کے داماد کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتول کے سسر کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل برآمد کیا ہے، تھانہ سٹی میں مقتول کے سسر، ساس اور ان کے دو بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملک پورہ کے رہائشی دو خاندانوں کے درمیان خاتون کی طلاق کا تنازعہ کافی عرصہ سے چل رہا تھا، اسماعیل ولد رفیق اپنے بھائی اور والد کے ہمراہ اپنے سسرال آیا اور اپنی بیوی کو طلاق دینے کو کہا جس پر ان کے درمیان جھگڑا شروع ہوا۔ اسماعیل کے سسر حاکم خان ولد علی زمان نے 12 بور رائفل سے فائرنگ کر کے اپنے داماد کو قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی کیڈٹ نواز موقع پر نفری کے ہمراہ پہنچ گئے اور نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کی۔ پولیس نے مقتول کے سسر کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ مقتول کے والد کی مدعیت میں مقتول کے سسر، ساس اور ان کے دو بیٹوں کے خلاف زیر دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔