نتین یاہو کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو الیکشن میں جیت پر مبارکباد

میرے دوست الیکشن میں شاندار فتح پر مبارکباد،اسرائیلی وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا بھی عزم ظاہر کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 23 مئی 2019 16:41

نتین یاہو کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو الیکشن میں جیت پر مبارکباد
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2019ء) : اسرائیلی کے وزیراعظم نتین یاہو نے بھارتی وزیراعظم نریندور مودی کو الیکشن میں واضح فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔نتین یاہو نے اس موقع پر اسرائیل اور بھارت کو دوست قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے نتین یاہو کا کہنا تھا کہ انتخابات میں شاندار فتح پر مبارک ہو میرے دوست نریندر مودی!۔

یہ انتخابی نتائج دنیا کی سب سے بڑی جمہوری طاقت کی قیادت کی تصدیق کرتے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا بھی عزم ظاہر کیا۔اور کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان عظیم دوستی کو مضبوط بنانے کے لئے تعاون جاری رکھیں گے.
خیال رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخابات میں جیت کا کا دعویٰ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت میں ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی واضح برتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پہلے جبکہ کانگریس دوسرے نمبر پر ہے۔ انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں اپنی برتری دیکھتے ہوئے نریندر مودی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سب ساتھ مل کر ایک مضبوط بھارت بنائیں گے، ہم ساتھ مل کر ترقی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مرتبہ پھر سے جیت گیا ہے۔
واضح رہے بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 346نشستوں کے ساتھ دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتا نظر آرہا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں کانگرس نے ابھی تک87نشستیں حاصل کی ہیں اسی طرح علاقائی اور دیگر چھوٹی جماعتیں اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق 115سیٹوں پر کامیابی حاصل کرسکی ہیں. اب تک سامنے آنے والے نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ بی جے پی پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی اور نریندرمودی کے دوسری بار وزیراعظم بننے کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ نہیں رہی .