ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے سری لنکن طلباء کے لئے ’علامہ اقبال سکالرشپ‘ کی تاریخوں میں 31 مئی تک توسیع کر دی

جمعرات 23 مئی 2019 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے سری لنکن طلباء کو دی جانے والی ’علامہ اقبال سکالرشپ‘ کی تاریخوں میں 31 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ جمعرات کو ایچ ای سی کے حکام نے بتایا کہ یہ سکالرشپ پاکستان سری لنکا اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے پروگرام کے تحت دی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں ایک ہزار سری لنکن طلباء کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ سکالرشپ انڈر گریجوایٹ، پوسٹ گریجوایٹ اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے لئے ہیں ۔ اس میں تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کررہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان اور سری لنکا کے طلباء کے درمیان حقیقی بنیادوں پر ثقافت اور روایات کے تبادلہ کے ساتھ ساتھ علم کو فروغ دینا ہے۔ علامہ اقبال سکالرشپ پروگرام ایچ ای سی کا غیر ملکی طلباء کو پاکستان میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے جس کا مقصد تعلیم کے ذریعے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا اور عوامی رابطوںکو بحال کرنا ہے۔