انٹرمیڈیٹ امتحان سالانہ 2019ء لاہور بورڈ کا کوئی پرچہ آئوٹ نہیں ہوا

ْلاہور بورڈ نے ایک امتحانی سپرنٹنڈنٹ کو امتحانی عمل کی خلاف ورزی پر پولیس کے حوالے کیا ہے امتحانات کا انعقاد ہر لحاظ سے شفاف اور تسلی بخش ہے،چیئرمین لاہور بورڈ

جمعرات 23 مئی 2019 18:02

لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہورکے چیئرمین پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان سالانہ 2019ء کے پارٹ دوئم کا کوئی پرچہ آئوٹ نہیں ہوا اور تمام امتحانی عمل انتہائی شفاف اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق جاری ہے، سوشل میڈیا پر امتحانی پرچہ جات آئوٹ کرنے میں کوئی صداقت نہیں، یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور بورڈ نے امتحانی عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے انتہائی فول پروف اقدامات کئے ہیں،اس حوالے سے ایک امتحانی مرکز پر طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کے مرتکب امتحانی سپرنٹنڈنٹ کو پکڑ کر کنٹرولر امتحانات نے خود پولیس کے حوالے کیا ہے جس سے تحقیقات جاری ہے، انٹر میڈیٹ کے امتحان میں مجموعی طور پر تین لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد طالب علم حصّہ لے رہے ہیں،اِن طالب علموں کی سہولت کے لئے لاہور ، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب اور قصور کے اضلاع ہیں 577امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر تعینات شدہ عملے کی کُل تعداد چار ہزار ہے، اُنہوں نے واضح کہ امتحانی عمل کی نگرانی کے لئے موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے مارکر امتحانی عمل کا جائزہ لیتی ہیں، پروفیسر اسماعیل نے مزید کہا کہ لاہور بورڈ پاکستان کا سب سے بڑا بورڈ ہے جس کے زیرِانتظام لاکھوں طالب علم ہر سال امتحانات میں شریک ہوتے ہیں، اس وسیع اور لاکھوں طالب علموں پر مشتمل امتحانی سلسلے کی ہر سال شفاف انداز میں تکمیل کے لئے لاہور بورڈ کی کاوش لائق تحسین ہے ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ طالب علموں کو امتحانی عمل میں ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے تاکہ ملک کو تعلیم یافتہ قیادت میسر آئے،اس موقع پر اُنہوں نے کنٹرولر امتحانات سیکرٹری بورڈ اور دیگر بورڈ اہلکاروںکی محنت اور لگن کی تعریف اور حوصلہ افزائی بھی کی۔