اقوام متحدہ نے کانگو میں شہید پاکستانی فوجی کے لیے اعزاز دے دیا

اعزاز اقوامی متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 مئی 2019 11:02

اقوام متحدہ نے کانگو میں شہید پاکستانی فوجی کے لیے اعزاز دے دیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2019ء) : اقوام متحدہ نے امن مشن کے لیے جان کی قربانی دینے والے شہید پاکستانی فوجی نائیک محمد نعیم رضا کے لیے فوجی ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کا کانگومیں شہید پاکستانی فوجی نائیک محمد نعیم رضا کے لیے ایوارڈ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کیا۔

اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرز نے پیس کیپرز کےعالمی دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں یہ ایوارڈ دیا۔ ایوارڈ ہرسال امن مشنز میں شہید فوجی، پولیس، سویلین پیس کیپرزکو دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ایوارڈعالمی امن کے لیے پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے، امن مشنزمیں تعینات پاکستانی دستوں نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان 6 دہائیوں سے یواین مشن میں فوجی دستے بھیجنے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی فوجی نائیک محمد نعیم رضا گذشتہ سال جنوری میں اقوام متحدہ کے کانگو مشن میں شہید ہوئے تھے۔ گذشتہ سال جنوری میں کانگو کے جنوبی صوبہ کیوو کے علاقہ براکا میں مسلح باغیوں نے پاکستانی امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔

جس میں پاکستانی فوجی اہلکار نائیک نعیم رضا نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک سپاہی بلال زخمی ہو گیا تھا ، پاکستانی اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کر کے مسلح باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ کانگو افریقہ کا ایک ملک ہے جس نے 1960ء میں فرانس سے آزادی حاصل کی۔ اس کا دار الحکومت برازاویل کہلاتا ہے۔ پاکستانی فوجی کو اقوام متحدہ کی جانب سے ایوارڈ دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر امن کے قیام میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔