Live Updates

حکومتی ایوان میں بھونچال، ایم کیو ایم کے تیور بگڑ گئے، وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا

متحدہ کی قیادت وزیراعظم کی جانب سے سندھ میں نیا صوبہ نہ بنانے کے اعلان پر ناراض، دونوں جماعتوں کے درمیان طے پائے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 مئی 2019 21:19

حکومتی ایوان میں بھونچال، ایم کیو ایم کے تیور بگڑ گئے، وفاقی حکومت ..
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2019ء) حکومتی ایوان میں بھونچال، ایم کیو ایم کے تیور بگڑ گئے، وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا، متحدہ کی قیادت وزیراعظم کی جانب سے سندھ میں نیا صوبہ نہ بنانے کے اعلان پر ناراض، دونوں جماعتوں کے درمیان طے پائے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے معاملات بگڑ گئے ہیں۔

سندھ میں نئے صوبے کے قیام کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور متحدہ کے درمیان حکومت میں شمولیت سے متعلق جو معاہدہ طے پایا تھا، اگر اس معاہدے پر عمل نہ کیا گیا تو فوری حکومت سے الگ ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

عامر خان کا کہنا ہے کہ معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ایم کیو ایم کا حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سندھ میں نئے صوبے کے قیام کیلئے تعاون کرے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز دورہ کراچی کے دوران اہم اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکمران جماعت تحریک انصاف سندھ میں مزید صوبہ بنانے کی مخالف ہے۔

 وزیراعظم نے کہا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔ بلدیاتی نظام سے سندھ میں بھی نچلی سطح تک لوگوں کو سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز کراچی میں پارٹی رہنماؤں اور اتحادی جماعت جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔ ملاقات  صوبے کی سیاسی صورتحال اور وفاق کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات