وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے حلقے کی عوام ان سے ناخوش

جہلم میں فواد چودھری کے حلقے کی عوام ان کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 جون 2019 14:07

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے حلقے کی عوام ان سے ..
جہلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جون 2019ء) : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے حلقے کی عوام ان سے ناخوش ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری کے حلقے کی عوام ان کی سیاسی کارکردگی سے غیر مطمئن ہے۔فواد چودھری کے اپنے حلقے کی عوام نے ان کی کارکردگی پر ہدف تنقید بنایا۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ میں فواد چودھری کی کارکردگی سے متعلق ایک شعر کہنا چاہتا ہوں۔

کس کس سے میں ٹکراؤں بتا وقت کی دیوار، کتنے ہیں میری راہ میں ابھی سنگ گراں اور۔ ایک اور شہری نے کہا کہ ہمیں اُمید تھی کہ فواد چودھری کچھ اچھا کریں گے لیکن انہوں نے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے بھی بالکل بھی مطمئن نہیں ہیں۔ ایک اور شہری نے کہا کہ جب سے ہمارے حلقے میں وفاقی وزیر آئے ہیں ہمیں ہماری بنیادی ضروریات فراہم نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

پانی کا مسئلہ وہیں ہے، اسپتالوں کی حالت بھی نازک ہے۔ ہمارے بنیادی مسائل حل نہیں کیے جا رہے ، یہی وجہ ہے کہ ہم وہیں کے وہیں کھڑے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فواد چودھری جب سے وفاقی وزیر بنے ہیں انہوں نے لوگوں کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ سب مسائل وہیں کے وہیں ہیں۔ وہ کوئی ایسا کام نہیں کر سکے جس کی وجہ سے ہم کہہ سکیں کہ ان کی کارکردگی بہت اچھی ہے۔

ایک شہری نے فواد چودھری کی تعریفوں کے پُل بھی باندھے اور کہا کہ میں فواد چودھری کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ انہوں نے ضلع جہلم کو خصوصی طور پر فوکس کیا ہوا ہے۔ ان کا آبائی حلقہ این اے67 ہے جس پر فواد چودھری خصوصی طور پر توجہ دے رہے ہیں۔ بڑے بڑے پراجیکٹس لائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ این اے 66 جس کے ایم این اے چودھری فرخ الطاف ہیں، وہاں بھی گیس، پانی اور دیگر مسائل ان کے نوٹس میں ہیں ، تھوڑا وقت ضرور لگے گا لیکن جہلم میں ضرور ترقیاتی کام ہوں گے۔ فواد چودھری کے حلقے کی عوام کا مزید کیا کہنا تھا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: