Live Updates

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا، نوٹی فکیشن جاری

پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 00:00

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا، نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس سے معلوم ہوا ہے کہ پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے ساتھ ہی ملک میں پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوچکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر فضائی حملوں سے بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کی مانیٹرنگ کے لیے 16 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی ہیں اور پاکستانی معیشت پر تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سے ہونے والے اثرات اور حکمت عملی وضع کرنے کی خاطر نگرانی کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کرے گی اور خطے میں حالیہ تنازع کی روشمی میں سپلائی چین کی پیش گوئی کرے گی۔

اسی طرح کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اتار چڑھاؤ سے پڑنے والے اثرات کا تعین کرے گی اور ضرورت پڑنے پر سپلائی میں کسی قسم کا خلل نہ پڑنے کے لیے اقدامات کرے گی، وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی مذکورہ کمیٹی مالی اثرات کا تفصیلی تجزیہ کرے گی اور اگر کمیٹی کو مزید کسی رکن کی ضرورت پڑے تو مقرر کرسکتی ہے، کمیٹی اپنی سفارشار ہفتہ وار بنیاد پر وزیر اعظم کو پیش کرے گی اور پیٹرولیم ڈویڑن اس کمیٹی کو سیکریٹریٹ تعاون فراہم کرے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیرخزانہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزیر پیٹرولیم، وزیر توانائی، وزیر مملکت خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک شامل ہیں، کمیٹی کے دیگر اراکین میں سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری توانائی، سیکریٹری خزانہ، چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزیراعظم کے خصوصی سیکریٹری، آئی ایم ایس ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری، چئیرمین اوگرا، ایم ڈی پارکو ، پی ایس او کے چیف اسٹریٹجی افسر محسن منگی، سابق ایم ڈی شیل پاکستان کے ہارون رشید، سی ای او حبکو کامران کمال شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات