Live Updates

ملک کے 5 فیصد امیر ترین گھرانوں کی جانب سے 1600 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف

95 فیصد پاکستانی ٹیکس دینے کے قابل ہی نہیں، پاکستان میں دولت کی تقسیم غیر منصفانہ ہوچکی ہے، ٹیکس نیٹ میں توسیع کی بجائے امیروں سے زیادہ ٹیکس لینے کی ضرورت ہے؛ چیئرمین ایف بی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 17:01

ملک کے 5 فیصد امیر ترین گھرانوں کی جانب سے 1600 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) ملک کے 5 فیصد امیر ترین گھرانوں کی جانب سے 1600 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف سامنے آگیا۔ دنیا نیوز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے امیر ترین 5 فیصد لوگ سب سے زیادہ سالانہ 16 سو ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کر رہے ہیں، 5 لاکھ افراد 12 سو 33 ارب روپے اور 23 لاکھ افراد 378 ارب روپے کا ٹیکس چوری کرتے ہیں، ​امیر ترین 5 فیصد لوگ محض 619 ارب روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، 95 فیصد پاکستانی ٹیکس دینے کے قابل ہی نہیں، ٹیکس نیٹ میں توسیع کی بجائے امیروں سے زیادہ ٹیکس لینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں دولت کی تقسیم غیر منصفانہ ہوچکی ہے، ٹیمپرڈ، کٹ اینڈ ویلڈ اور ری اسٹیمپڈ چیسیس والی گاڑیوں کوضبط کرنے کے ایک ماہ کے اندرتباہ کردی جائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ ٹاپ 1 فیصد امیر گھرانوں کی سالانہ اوسط آمدنی 1 کروڑ 32 لاکھ روپے ہے اور ان کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار ہے، ایف بی آر کے پاس ٹیکس فائلرز کی تعداد 60 لاکھ ہے، ملک میں باروزگار افراد کی تعداد چھ کروڑ 70 لاکھ ہے ، خواتین کی بڑی تعداد تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بے روزگار ہے۔

راشد لنگڑیال نے کا کہنا ہے کہ ’فنانس بل میں سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بینک لیز پر چھڑوانے کی سہولت ختم کر دی گئی، سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو اب بینک گارنٹی پر نہیں چھڑوایا جا سکے گا‘، اجلاس میں ایف بی آر ممبر کسٹمز پالیسی واجد علی نے بتایا کہ ’کچھ ٹمپرڈ گاڑیوں کو ایف بی آر خود بھی استعمال کر رہا ہوتا ہے‘۔

اجلاس میں وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ ’آئندہ 5 برسوں میں ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل ریگولیٹری ڈیوٹی کو ختم کر دیا جائے گا‘، اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں سینیٹر دنیش کمار نے کم سے کم اجرت 40 ہزار مقرر کرنے کی تجویز دی جس کی کمیٹی اراکین کی جانب سے حمایت کی گئی، تاہم خزانہ کمیٹی کی طرف ایف بی آر اہلکاروں کو گرفتاریوں کے اختیارات دینے کی مخالفت سامنے آئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات