Live Updates

بھارتی ہیلی کاپٹر حادثات، فضائی عملے کی صلاحیتوں پر سنگین سوال اٹھنے لگے

بھارتی فضائیہ اندرونی ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں اور غیر پیشہ ورانہ کارکردگی کا شکار ہے، گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر حادثات کا شکار ہو چکے؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 16:33

بھارتی ہیلی کاپٹر حادثات، فضائی عملے کی صلاحیتوں پر سنگین سوال اٹھنے ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) بھارت میں ہیلی کاپٹر حادثات کی وجہ سے فضائی عملے کی صلاحیتوں پر سنگین سوال اٹھنے لگے۔ این ڈی ٹی وی نیوز کے مطابق آریان ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکارہوا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں چھ یاتری اور ایک پائلٹ سوار تھے، حادثہ صبح پانچ بج کر بیس منٹ پر پیش آیا اور پرواز کے صرف دس منٹ بعد ہی ہیلی کاپٹر جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا، کیدارناتھ مندر دو مئی کو کھلنے کے بعد چھ ہفتوں کے دوران پیش آنے والا یہ پانچواں ہیلی کاپٹر حادثہ ہے، حادثے کے بعد ملبے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں، حادثے کے باعث یاتریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیوں کہ 7جون کو بھی ایک ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوتے ہوئے بچ گیا کچھ حصہ گاڑی پر گرا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ اندرونی ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں اور غیر پیشہ ورانہ کارکردگی کا شکار ہے، مودی سرکار کی کرپشن اور ذاتی مفادات نے بھارتی فضائیہ کو نااہلی کی نذر کر دیا، صرف گزشتہ ایک ماہ میں ہی بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، مسلسل پیش آنے والے حادثات کے باعث کیدارناتھ یاترا کی فضائی سروسز پر سوالات اٹھنے لگے، آریان ایوی ایشن کا حادثہ اتراکھنڈ ایوی ایشن اتھارٹی کی مجرمانہ غفلت اور حفاظتی لاپروائی کا نتیجہ ہے۔

ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ 12 جون کو بھی لندن جانے والی ایئر انڈیا پرواز احمد آباد میں گر کر تباہ، 241 مسافر اور متعدد زمین پر موجود افراد ہلاک ہوئے، 8 مئی کو اتراکھنڈ کے ضلع اتراکاشی میں گنگوتری دھام جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے، اس سے قبل 5 جنوری کو بھارتی ریاست گجرات میں تباہ ہونے والے کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹر میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

بتایا جارہا ہے کہ کبھی بھارت کے جنگی طیارے تباہ ہوتے ہیں تو کبھی مسافر طیاروں اور ہیلی کاپٹروں حادثات پیش آتے ہیں، گزشتہ دو برسوں کے دوران بھارت میں کئی فوجی اور نیم فوجی ہیلی کاپٹر حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، مودی سرکار کے دور میں جہاں دیگر شعبوں میں بھارتی نااہلی واضح ہوئی، وہیں ہوا بازی کے شعبے میں بھی آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں، ان حادثات کی بڑی وجہ مودی سرکار کے دور میں کرپشن اور اہم شعبوں میں رشوت کے عوض نااہل افراد کی بھرتیاں ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات