آصف علی زرادری کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع، 2جولائی کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کرنے کا حکم

جمعہ 21 جون 2019 14:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرادری کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کرتے ہوئے 2جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جمعہ کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف علی زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی عدالت میں پیش کیا ۔

(جاری ہے)

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنا ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی جائے۔دورانِ سماعت آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیب والے 14،14 دن کا جسمانی ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایک ہی دفعہ 90 دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیں تاہم احتساب عدالت نے سابق صدر کو مزید 11 روز کے لیے نیب کے حوالے کردیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے آصف علی زرداری کو گرفتار کیا تھا۔