انصاف نہ ملا توسمجھوں گا،اس کے پیچھے وزیراعظم ہیں، سمیع ابراہیم

ابھی تک وفاقی وزیرکیخلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، اپنا احتجاج جاری رکھوں گا، رکن سندھ اسمبلی وحیدہ شاہ نے پولنگ سٹاف کو تھپڑمارا توممبرشپ منسوخ ہوئی، وفاقی وزیر کوبھی استعفیٰ دینا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 جون 2019 17:17

انصاف نہ ملا توسمجھوں گا،اس کے پیچھے وزیراعظم ہیں، سمیع ابراہیم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جون 2019ء) سینئر تجزیہ کار سمیع ابراہیم نے کہا ہے کہ انصاف نہ ملا تو سمجھوں گا وزیراعظم بھی اس کا حصہ ہیں، ابھی تک وفاقی وزیرکیخلاف مقدمہ درج نہیں ہوا، اپنا احتجاج جاری رکھوں گا،رکن سندھ اسمبلی وحیدہ شاہ نے پولنگ سٹاف کو تھپڑمارا تو ممبرشپ منسوخ ہوئی، وفاقی وزیر کوبھی استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر کیلئے تھانہ منصورآباد فیصل آباد میں درخواست دی ہے، درخواست تو جمع کرلی ہے لیکن ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے، ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔

سمیع ابراہیم نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر کے رویے کیخلاف احتجاج کررہے ہیں ، ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتے، یہی ان میں اور ہم فرق ہے۔

(جاری ہے)

سمیع ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم سے میرا سوال یہ ہے کہ وحیدہ شاہ جو سندھ سے رکن صوبائی اسمبلی تھیں، انہوں نے ایک پولنگ سٹاف کو تھپڑ مارا، تو ان کی ممبرشپ منسوخ کردی گئی۔ لیکن ایک وفاقی وزیر جو ڈی جی ایف آئی اے ، سینئر صحافیوں ، ایک رکن قومی اسمبلی کی موجودگی میں مجھے تھپڑ مار رہا ہے۔

تویہ وفاقی کابینہ کا حصہ کیوں ہے؟ اگر اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، یا تحفظ دیا جاتا ہے، توسوال اٹھے گا کہ کیا وزیراعظم اس کے پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بات نہیں ہوئی، میں ڈی جی ایف آئی اے ، دوسرے لوگوں کے ہمراہ باتیں کررہا تھا کہ پیچھے سے گالیاں نکالتے ہوئے میرے پاس آئے اور مکا بنایا ہواتھا، مجھے مارا اور میں گرتے گرتے بچا۔ فود چودھری نے مجھے مارا اور گالیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم اس رویے کا تحفظ کریں گے، اوراگر مجھے انصاف نہ ملاتو میں سمجھوں گا یہ مکا وزیراعظم کی خواہش پر مارا گیا۔