اڈیالہ جیل میں قید شخص کو علم نہیں کہ دنیا بدل چکی ہے، وہ اب ماضی کا حصہ بن چکا، مریم نواز

ایک وزیراعظم کو جہاز سے اتارا گیا، آج شہباز شریف کو سعودی جنگی جہازوں نے سلامی دی، وزیراعلیٰ پنجاب کیا سرگودھا میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 19 ستمبر 2025 15:09

اڈیالہ جیل میں قید شخص کو علم نہیں کہ دنیا بدل چکی ہے، وہ اب ماضی کا ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں قید شخص کو علم نہیں کہ دنیا بدل چکی ہے، وہ اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے جبکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان اور عوام ترقی کے نئے سفر کا آغاز کرچکے، باتیں ہوتی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، اب نواز شریف کا دور آیا تو روز ایک خوشخبری آتی ہے۔

سرگودھا میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا  تھا کہ  آج خبر آتی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیے، دنیا کے ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا جہاز جب سعودی فضا میں داخل ہوا تو سعودی جہازوں نے سلامی دی۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جہازوں کی سلامی ہمارے ملک ہمارے پاکستان کی عزت ہے، ایک وزیراعظم ہوا کرتا تھا جسے الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتارا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ بہت بڑا کارنامہ ہے، شہباز شریف کو سعودی دھرتی پر وہ عزت ملی کہ دنیا دیکھتی رہ گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف پاکستان کو ملا ہے، کبھی دیکھی اتنی بڑی سفارتی کامیابی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرگودھا والو! آپ کو الیکٹرک بس کا تحفہ بہت مبارک ہو، آج سرگودھا کے لیے 33 بسوں کا تحفہ لائی ہوں، سرگودھا شہر کے لیے 60 بسیں رکھی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں روایت ہے ترقی اور بڑے پروجیکٹ کو بڑے شہر سے شروع کیا جاتا ہے، پہلے ترقی بڑے شہروں سے شروع ہوکر وہاں ہی ختم ہوجایا کرتی تھی، اب چھوٹے شہروں سے ترقی شروع ہوکر پورے پاکستان میں پھیلے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ اپنے پہلے دور ے پر سرگودھا کے ہسپتالوں میں گئی تو جان کر دکھ ہوا کہ پورے سرگودھا میں دل کے علاج کا ہسپتال نہیں، سرگودھا نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے آج کام شروع کردیا ہے، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جلد فنکشنل ہوجائے گا۔