پڈعیدن اور مظفرگڑھ میں حادثات9افراد ہلاک‘5زخمی

حادثہ قو می شاہراہ پر ٹول پلازہ کے مقام پرپیش آیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 22 جون 2019 12:50

پڈعیدن اور مظفرگڑھ میں حادثات9افراد ہلاک‘5زخمی
پڈعیدن/مظفرگڑھ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جون۔2019ء) پڈعیدن میں تیز رفتار کار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے خاتوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے. پولیس کے مطابق حادثہ قو می شاہراہ پر ٹول پلازہ کے مقام پرپیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی ٹول پلازہ کے مقام پر آئل ٹینکر سے پیچھے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور ،میاں بیوی اور ایک بچہ موقع پر جاںبحق ہوگئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے‘موٹروے پولیس کے مطابق کار سوار فیملی پراڈو گاڑی میں شادی اٹینڈ کرکے کراچی سے فیصل آباد جارہی تھی کہ نیشنل ہائی وے کنڈیارو ٹول پلازہ پر پرچی لینے کے لیے کھڑے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی.

(جاری ہے)

حادثے کے بعد موٹروے پولیس کنڈیارو نے امدادی کارروائیاں کرکے لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے. دوسری جانب مظفر گڑھ میں ایک تیز رفتار مسافر بس نے موٹر سائیکل رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل رکشے میں سوار 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے‘حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاءنے شدید احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا.

حادثہ مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید کے قریب پیش آیا جہاں کراچی سے مانسہرہ جانے والی تیز رفتار مسافر بس نے مخالف سمت سے آنے والے موٹرسائیکل رکشے کو ٹکر مار دی. حادثے میں موٹر سائیکل رکشے میں سوار ایک خاتون سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے. حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاءنے میانوالی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا‘وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے.

وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں‘سرداری عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے.