Live Updates

قصور، عمران خان کی قیادت میں پاکستان عوام دوست ،کرپشن دشمن ،اصلاحی اور تعمیری پروگرام پر تیزی سے عمل پیرا ہے، وزیربرائے بہبود آبادی

اتوار 23 جون 2019 14:35

قصور۔23جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2019ء) وزیربرائے بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ماضی کی طرح بلندو بانگ دعوئوں کی بجائے حقیقت میں قوم کی قسمت بدلنے آئی ہے، ضلع قصور کے غریب اور نادار شہریوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خیر سگالی جذبات کا عملی اظہار کرنے آیا ہو ں،شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے یہ بات پنجاب حکومت کی ہدایت پر دورہ قصور کے دوران ڈی سی کمپلیکس کے کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات کے ہمراہ ضلع قصور کے غریب اورنادار ضرورت مندوں شہریوں میں 57ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر بہبود آبادی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی نڈر اور بے لوث قیادت میں اس وقت پاکستان اپنے عوام دوست ،کرپشن دشمن ،اصلاحی اور تعمیری پروگرام پر تیزی سے عمل پیرا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وطن عزیز سے ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ اور قوم کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے جس پر وہ صدق دل کیساتھ عمل پیرا ہے ۔ وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب نے کہا کہ اس وقت پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی و اقتصادی طور پر خود انحصاری حاصل کرنے کیلئے عملی طور پر ٹیک آف کر چکا ہے اوروہ دن دور نہیں جب پنجاب ہی نہیں پاکستان بھر میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور آغاز ہو گا ۔ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے اس موقع پر کہا کہ قصور کی ضلعی انتظامیہ حکومت کے تعمیری و ترقیاتی ویژن کو عملی شکل دینے کیلئے رات دن کوشاں ہے ۔ وزیر بہبود آبادی پنجاب نے قبل ازیں ضلع بھر سے آنیوالے خواتین اور مرد شہریوں میں بچوں کی تعلیم ، بیٹیوں کی شادی ، مالی امداد برائے روز گار و دیگر مدات میں مجموعی طور پر 57ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات