بھارت ابھی تک الیکشن سے باہر نہیں نکلا، شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ نے نیٹو سیکرٹری جنرل کو پاک بھارت کشیدگی سے متعلق آگاہ کر دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 24 جون 2019 22:58

بھارت ابھی تک الیکشن سے باہر نہیں نکلا، شاہ محمود قریشی
برسلز ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نیٹو سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے ملاقات میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل کو پاک بھارت کشیدگی سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں کسی منفی پہلو پر بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات میں نہ کوئی اعتراض کیا اور نہ شکوہ۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ملاقات میں بتایا ہے کہ پاکستان افغانستان مین بہتر حالات چاہتا ہے کیونکہ اگر افغانستان میں حالات بہتر ہوں گے تو ہی پاکستان میں حالات بہتر ہوں گے اور اگر افغانستان میں حالات خراب ہوں گے تو پاکستان میں بھی حالات خراب ہوں گے۔ وزیرخارجہ نے نیٹو سیکرٹری جنرل کو پاک بھارت کشیدگی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ابھی تک الیکشن سے باہر نہیں نکلا اور اب بھارت پاکستان کو یف اے ٹی ایف میں دھکیلنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی کے 27جون کو ہونے والے دورے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ خیال رہے کہ 27 جون کو افغان صدر اشرف غنی پاکستان آئیں گے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی رواں ماہ کے آخر میں دوروزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے ، افغان صدر وزیر اعظم ، صدر اور عسکری قیادت کے ساتھ بھی ملاقات کی توقع ہے۔

پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے پر بات چیت کے علاوہ ایک روز لاہور میں قیام کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بھارت ابھی تک الیکشن سے باہر نہیں نکلا۔ یاد رہے کہ بھارت میں الیکشن سے پہلے پلوامہ میں بھارتی فوج کی بس پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے تھے اور پاکستان اور بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی ڈاگ فائٹ بھی ہوئی تھی جس میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیا تھا۔