دو روزہ مینگو فیسٹیول2019 ،ْ29سے ایکسپو سینٹر حیدرآباد میں منعقد کیا جائیگا،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

منگل 25 جون 2019 18:15

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ دو روزہ مینگو فیسٹیول2019، 29سے 30جون تک ایکسپو سینٹر حیدرآباد میں منعقد کیا جائیگا جہاں پر حیدرآباد کے عوام کو تفریح کے مواقع کے ساتھ ساتھ 30سے زائد انواع و اقسام کے آم دستیاب ہونگے ، حیدرآباد کی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ اس مینگو فیسٹیول کو کامیاب بنا کر میر پور خاص طرز پر ہر سال حیدرآباد میں بھی مینگو فیسٹیول منعقد کیا جائے۔

. یہ بات انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں مینگو فیسٹیول 2019کے انعقاد کے سلسلے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔. انہوں نے کہا کہ حیدرآباد جغرافیائی طور پر بہت اہمیت کا حامل ہے یہاں کا موسم معتدل ہونے کی وجہ سے پاکستان بھر میں پسند کیا جاتا ہے جبکہ قدرت نے حیدرآباد کو کاشتکاری کے لحاظ سے بھی مالا مال کر رکھا ہے اور یہ پھلوں اور سبزیوں کی بہت بڑی مارکیٹ ہے۔

(جاری ہے)

. حیدرآباد کا آم پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے اسی مقصد کے تحت ہم مینگو فیسٹیول 2019کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں تاکہ حیدرآباد کے آم کی جانب سرمایہ کاروں کی توجہ مبذول کروائی جائے اورکاشتکاروں سے منسلک مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے۔. انہوں نے کہا کہ مینگو فیسٹیول میںآموں کی اقسام کے ساتھ ساتھ دیگر موسمی پھل بھی نمائش میں رکھے جائیں گے جبکہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ اس فیسٹیول کوہر سال منعقد کیا جائے جس سے کاشتکاروں اور حیدرآباد کی لوکل منڈی کو فائدہ حاصل ہو انہوں نے کہا کہ مینگو فیسٹیول 2019کی مالی معاونت بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے کی جارہی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ لاجسٹک سپورٹ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول میں مٹیاری، ٹنڈو الہ یار ، ٹنڈو محمد خان جوکہ حیدرآباد ڈویژن کے زرعی اضلاع ہیں سے بھی آموں کو نمائش میں رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ آموں کا موسم بہت ہی کم عرصے پر محیط ہوتا ہے اور اس ماہ کے بعد اقسام بھی کم ہونا شروع ہو جائیں گی لہٰذا ضرورت اس امر کی تھی کہ جلد از جلد فیسٹیول منعقد کیا جائے اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس ماہ کی 29اور 30 تاریخ کو یہ فیسٹیول منعقد کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ مینگو فیسٹیول میں سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے جس میں کاشتکاروں کے مسائل اجاگر کیے جائیں گے اور لوکل آرٹسٹس کے ساتھ ایک پروگرام بھی منعقد کیا جائیگا۔ منیجنگ ڈائریکٹر سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ انویسٹمینٹ ڈیپارٹمنٹ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 29جون کو 11بجے مینگو فیسٹیول کا افتتاح کیا جائیگا اور اسی روز کاشتکاروں کے مسائل اور زرعی مسائل کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا جائیگا جس میں زرعی ماہرین اپنے خیالات کا اظہار کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں 50سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے جن میں سے 30سے زائد اسٹالز کاشتکاروں کے ہونگے جن میں 30سے زائد آموں کی اقسام اور موڈیفکیشن ورائٹی رکھی جائیگی جوکہ سرمایہ کاروں کیلئے کشش کا باعث بنیں گی جبکہ 30جون کو اختتامی تقریب منعقد کی جائیگی حالیہ فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد ڈویژن کے دو ڈسٹرکٹ جامشورو اور مٹیاری پر ٹڈی دل نے حملہ کیا جبکہ یہ ٹڈیاں بلوچستان سے سندھ میں داخل ہوئیں تھیں انہوں نے کہا کہ اس وقت جامشورو ڈسٹرکٹ مکمل طور پر کلیئر ہو چکا ہے جبکہ 70فیصد سے زائد مٹیاری کے علاقے کلیئر کیے جا چکے ہیں جبکہ امید کی جارہی ہے کہ آج ہی مٹیاری ڈسٹرکٹ بھی مکمل کلیئر ہو جائیگا اور اب ٹڈی دل کا رخ شکار پور اور سانگھڑ کی جانب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ضمن میں کاشتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر تعلقہ اور یوسی لیول کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مسلسل انکی مانیٹرنگ کر رہی ہیں جبکہ اس ضمن میں ہر ڈسٹرکٹ میں کنٹرول سینٹر بھی قائم کیے گئے ہیں کیونکہ جب تک یہ مکمل طور پر کلیئر نہیں ہو جاتے ہم الرٹ ہیں۔بعد ازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت مینگو فیسٹیول حیدرآباد 2019کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ایڈیشنل کمشنر ون سجاد حیدر شاہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمینٹ معتصم عباسی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت سندھ آبادگار بورڈ چیمبر آف کامرس ، چیمبر آف ایگریکلچر و دیگر کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مینگو فیسٹیول کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر سنجیدہ اقداما ت اٹھائے جائیں اور تمام محکمے اس ضمن میں مربوط روابط پیدا کریں جبکہ ایکسپو سینٹر کی صفائی ستھرائی ، بجلی کی بلا تعطل فراہمی ، جنریٹرز ، ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور کاشتکاروں کی جانب سے مینگو فیسٹیول میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور در پیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔