Live Updates

گریس مارکس سے پاس کرانے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی، مریم نواز

امتحان لینے اور پیپرمارک کرنے والے دونوں فیل بچے کے ساتھ ملے ہوئے تھے، لیکن پھر بھی وہ فیل ہو گیا۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 جون 2019 18:43

گریس مارکس سے پاس کرانے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جون 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گریس مارکس سے زبردستی پاس کرانے کی کوشش بھی ناکام ہوئی، امتحان لینے اور پیپر مارک کرنے والے دونوں فیل بچے کے ساتھ ملے ہوئے تھے، لیکن پھر بھی وہ فیل ہو گیا۔ انہوں نے سلیکٹڈ وزیراعظم اور ایک صارف کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچہ فیل ہونے والے نالائق ترین بچے کے برعکس اعلیٰ نمبروں سے پاس ہو چکا تھا۔

باوجود اس کے کہ امتحان لینے اور پیپر مارک کرنے والے دونوں فیل ہونے والے کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔ وہ پھر بھی فیل ہو گیا۔ گریس مارکس دے کر بار بار زبردستی پاس کرانے کی کوشش بھی ناکام ثابت ہوئی! مریم نواز نے کہا کہ نا صرف یہ بلکہ والدین کی ڈانٹ پر فیل ہونے والے نالائق نے کہا کہ میں نے اپنی بدترین کارکردگی اور نالائقی کا نوٹس لے لیا ہے۔

(جاری ہے)


مزید برآں مریم نواز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا مقدمہ ہر پلیٹ فورم پرلڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ گزشتہ روز بھی اپنے ٹویٹ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صاحب کو بار بار انجائنا کی تکلیف ہو رہی ہے۔ اگر یہ جعلی حکومت اب بھی ان کے ڈاکٹر کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دیتی اور خداناخواستہ مرض بڑھتا ہے تو مسلم لیگ ن کے کڑوڑوں ووٹروں اور 22 کڑوڑ عوام کو خبر ہونی چاہئے کہ کس کا گریبان پکڑنا ہے۔

اسی طرح ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس عوام کے مسائل پر بلائی گئی تھی، (ن) لیگ کے پانچ سالہ دور حکومت میں گیس کی قیمت نہیں بڑھی، موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی میں 13 فیصداضافہ ہوا ہے، حکومت نے ترقی کی شرح کم کر دی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی میں اضافے پر جواب دینا چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقی کی شرح کم کر دی ہے، لوگوں کا کاروباراور صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات