Live Updates

سندھ میں بھی بہت جلد فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے،سردارحسنین دریشک

پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کرپشن کے راز کھلنے کے بعد ٹوٹ پھوٹ شروع ہو چکی ہے، ان کی کرپشن دیکھ کر ممبران عمرا ن خان کے کھلاڑی بننے کو تیارہیں۔صوبائی وزیرپنجاب کی سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 30 جون 2019 19:29

سندھ میں بھی بہت جلد فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے،سردارحسنین دریشک
سرگودھا (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2019ء) صوبائی وزیرپنجاب سردار حسنین دریشک نے کہا ہے کہ سندھ میں بھی بہت جلد فارورڈ بلا ک بننے جا رہا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کرپشن کے را ز کھلنے کے بعد ٹوٹ پھوٹ شروع ہو چکی ہے، ان کی کرپشن دیکھ کر ممبران عمرا ن خان کے کھلاڑی بننے کو تیارہیں۔ انہوں نے آج سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کرپٹ ٹولے سے ہرصورت لوٹا مال برآمد کیا جائے گا۔

شریفوں کی کرپشن دیکھ کر ن لیگی ممبران عمرا ن خان کے کھلاڑی بننے کو تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کرپشن کے را ز کھلنے کے بعد ٹوٹ پھوٹ شروع ہو چکی ہے۔ سندھ میں بھی بہت جلد فارورڈ بلا ک بننے جا رہا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کی فہرست سامنے آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے علاوہ تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دے چکے ہیں، وہ کبھی بھی اپوزیشن لیڈر، بحران کے لیڈر نہیں تھے، جوں جوں بحران آتا ہے وہ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور مریم نواز نے اسی موقع سے فائدہ اٹھا کر شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا۔فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اچک لی ہے، جو بیانیہ ابھی چل رہا ہے وہ شہباز شریف کا نہیں بلکہ مریم نواز کا چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) میں فضل الٰہی یا رفیق تارڑ بن گئے ہیں، ان کی صدارت کی وہی حالت ہے، انہیں پارٹی میں کوئی پوچھتا بھی نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف نے کھڑے ہوکر میثاق معیشت کی بات کی، خواجہ آصف ان کے ساتھ بیٹھے تھے انہوں نے ڈیسک بجائے، اگلے دن مریم نواز نے میثاق معیشت کو مسترد کردیا اور خواجہ آصف پلٹ گئے تو انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز کے موقف کی تائید کرتا ہوں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ شہباز شریف کا اپنی پارٹی پر کوئی کنٹرول نہیں، وہ بحران میں کھڑے نہیں ہوتے اس لیے مریم نواز آگے آگئیں۔انہوںنے کہاکہ مریم نواز کتنی ذہین سیاست دان ہیں، جو لوگ رات کو پارٹی سے گئے ہیں، اصل بات جو اب آنے والی ہے جب ایم این اے اور سینیٹرز پارٹی چھوڑ کر جائیں گے کیونکہ انہیں مریم نواز کی سیاسی اہلیت کا پتہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز وہ جہاندیدہ خاتون ہے جنہوں نے اپنے والد کو اقتدار سے نکلوایا، پھر سزا دلوائی، جیل میں ڈلوایا اور اب انہیں سکون آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو مریم نواز کی بات سن کر چلتے ہیں وہ آج کل کہاں ہیں، دانیال عزیز، طلال چوہدری، جس جس نے مریم نواز کی بات سن کر سیاست کی ہے اس نے اپنا بیڑا غرق کیا ہے، لوگوں کو ان کی سیاست پر اعتماد نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ حلقے کی سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو دیکھ کر سیاست کرتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اندر قیادت اور نااہل خاندانوں کی لڑائی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور دیگر سلیکٹڈ سلیکٹڈ کرتے رہے اور ہم نے بجٹ پاس کروالیا، بلاول کے خلاف متفقہ قرار داد بھی منظور کرلی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات