سندھ ہائیکورٹ،محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن ریفرنس ،ذوالفقار شلوانی کی درخواست ضمانت کی سماعت،نیب کو 7 اگست کیلیے نوٹس جاری

جمعرات 11 جولائی 2019 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن ریفرنس میں نامزد شریک ملزم ذوالفقار شلوانی کی درخواست ضمانت کی سماعت میں نیب کو 7 اگست کیلیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔عدالت کی طرف سے کہا گیاکہ تعطیلات کے بعد درخواست اسی بنچ کے روبرو پیش کی جائے جس نے شرجیل میمن کی ضمانت منظور کی ہے۔

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ذوالفقار شلوانی شرجیل میمن کے دور میں سیکرٹری اطلاعات تھے۔

(جاری ہے)

کیس میں نیا موڑ آیا ہے، وفاقی حکومت نے ان سے بھی زیادہ نرخ پر اشتہارات جاری کیے تھے،وفاقی حکومت کے نرخ کی دستاویزات منسلک کردی ہیں۔ملزم طویل عرصے سے جیل میں ہے۔ملزم کے وکیل نور محمد دائیو نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ضمانت منظور کرچکی ہے،یہ ملزم بھی ضمانت کا حقدار ہے۔ریفرنس میں 17 ملزمان نامزد ہیں،ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان جیل میں ہیں۔شرجیل میمن اور دیگرملزمان پر محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔