ایل ڈی اے سٹی سکیم کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے

جمعہ 12 جولائی 2019 00:07

لاہور۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثما ن معظم نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی پر پیش رفت حوصلہ افزا ہے ۔ سکیم کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ ایل ڈی اے سٹی کے فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات نصف/آدھے وصول کئے جائیں گے ۔سپریم کورٹ کے حکم پر نو ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کے لئے ایل ڈی اے سٹی کا فیز ون 13ہزار کنال اراضی پر بنایا جا رہا ہے۔

ڈویلپمنٹ ایریا ون میں دو ہزار کنال اراضی پر ترقیاتی کام جاری ہیںجبکہ آئندہ بجٹ میں سکیم کے ترقیاتی کاموں کے لئے نئے بجٹ میں تین ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ ایل ڈی اے سٹی کا مین پارک 330کنال رقبے پر ڈویلپ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مسجد کی تعمیر کے لئی16کنال کا پلاٹ مختص کر دیا گیا ہے ۔بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم سپورٹس کمپلیکس اور ماڈل قبرستان ایل ڈی اے سٹی میں شامل اراضی پر بنائے گئے ہیں۔

وہ گزشتہ روز سکیم کے معائنے کے موقع پر موضع کاہنہ میں واقع ایل ڈی اے سٹی کے سائٹ آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سکیم کے لیے براہ راست زمین دینے والے اراضی مالکان کے مفادات کا بہتر تحفظ کیاجائے گا۔ مالکان کو اراضی کے عوض31فیصد رہائشی پلاٹ دیئے جائیںگے اور ان سے ترقیاتی اخراجات بھی نصف وصول کئے جائیںگے۔

انہوں نے بتایا کہ سکیم مکمل کرنے کے لئے کی جانے والی پیش رفت کی رپورٹ ہر ماہ باقاعدگی سے سپریم کورٹ اور نیب کو ارسال کی جارہی ہے ۔ فائل ہولڈرز کا ریکارڈ ایل ڈی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔سکیم میں فائلیں خریدنے والے افراد کو پلاٹ دینے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر شہریوں کا اعتماد اور اس کی ساکھ برقرار رکھنے کے لئے ایل ڈی اے سٹی منصوبے کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر ڈویلپمنٹ پارٹنرزنے حصول اراضی کے لئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیم کے لئے درکار اراضی کم سے کم وقت میں حاصل کر لی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان ‘چیف انجینئر مظہر حسین خان ‘ڈائریکٹر فہد انیس ‘شبیر چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ایل ڈی اے سٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنرزپاک اسٹیٹ کے عمران علی بھٹی‘ اربن ڈویلپرز کے طاہرجاوید‘الفا اسٹیٹ کے ملک آصف‘معمارسروسز کے عبد الرشید اور منیجر ظفر محمود چشتی بھی موجودتھے۔