ارشد ملک نے بیرون ملک جا کر شریف خاندان سے ڈیل کرنے کی کوشش کی

سینئیر صحافی صحافی حامد میر نے ارشد ملک کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حیرت انگیز انکشافات کر دئیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 12 جولائی 2019 17:05

ارشد ملک نے بیرون ملک جا کر شریف خاندان سے ڈیل کرنے کی کوشش کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2019ء) معروف صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ میری اطلاعات کے مطابق ارشد ملک نے چند ماہ پہلے رمضان کے مہینے میں (مئی 2019ء) ن لیگ کی اہم شخصیات سے رابطے کیے۔اس کے بعد ارشد ملک پاکستان سے باہر جا کر شریف خاندان کے اہم فرد سے ملے۔ارشد ملک نے وہاں پر ڈیل کرنے کی کوشش کی۔حامد میر نے کہا شریف خاندان میں سے کسی نے کیا ارشد ملک کو رشوت کی پیشکش کرنی ہے بلکہ انہوں نے خود ڈیل کرنے کی کوشش کی،حامد میر نے کہا کہ ارشد ملک کی ساری گفتگو ریکارڈڈ ہے اور اس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔

جب وہ ویڈیوز عدالت میں پیش کی جائیں گی تو ارشد ملک کا موقف بلکل غلط ثابت ہو جائے گا اور ان کی پریس ریلیز کی دھجیاں بکھر جائیں گے،حامد میر نے کہا کہ میرے خیال سے ارشد ملک کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

کیونکہ انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ میں فیملی کے ہمراہ باہر چلا جاؤں گا اور پھر انہوں نے باہر جا کر ڈیل کرنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل بھی ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے رمضان المبارک میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے رشتہ دار سے ملاقات کی تھی۔

اس حوالے سے سینئیر صحافی انصار عباسی نے کہا کہ ن لیگ کے ذرائع کے مطابق جج ارشد ملک اور نواز شریف کے رشتہ دار ، دونوں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کی خفیہ ریکارڈنگ کی گئی اور مبینہ طور پر اس میں جج ارشد ملک کے پچھتاوے اور اس بات کا اعتراف موجود ہے کہ نواز شریف کو غلط سزا سنائی گئی۔ 26 رمضان کو ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ وہ تازہ ترین ملاقات ہے جس کی خفیہ ریکارڈنگ کی گئی، یہ تمام ویڈیوز شریف فیملی کے پاس موجود ہیں۔

مذکورہ ملاقات میں جج ارشد ملک مبینہ طور پر اپنے مستقبل کے حوالے سے بھی غور کرتے ہوئے دکھائے گئے.خیال رہےویڈیو سکینڈل کے بعد آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کے لیے وزارت قانون و انصاف کو خط لکھا تھا۔