عوامی نیشنل پارٹی کا ملک قاسم خان مہترزئی شہید اور محبت خان شہید کی ساتویں برسی پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش

ہفتہ 13 جولائی 2019 21:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء وصوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پی ایس ایف کے سابق مرکزی سینئر نائب صدر ملک قاسم خان مہترزئی شہید اور محبت خان شہید کی ساتویں برسی پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ملک اور پختونوں کی حقوق کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ان کی قربانیوں کی بدولت پشتونوں کو حقوق مل رہے ہیں ہم باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر پشتونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سانحہ کچلاک کے شہداء نے عوامی نیشنل پارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم کیا آج اگر بلوچستان میں عوامی نیشنل پارٹی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو یہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہمیں یہاں کے پشتونوں نے ووٹ کے ذریعے منتخب کر کے یہ ثابت کر دیا کہ باچا خان کافلسفہ تا قیامت زندہ رہے گا اگر پشتونوں نے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کیا تو وہ دن دور نہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک بار پھر وہ قوت بن کرابھرے گی جو با چا خان کے دور میں تھا باچا خان نے ہمیشہ پشتونوں کو پر امن رہنے کی تلقین کی ہے جس کے بدولت ہم ان کے نقش قدم پر چلکر پشتونوں کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے باچا خان اور ولی خان کی سیاست اور جدوجہد نے ہمیں یہ احساس دیا کہ جب بھی پشتونوں پر برا وقت آئے گا تو ہم ان کے سیاست کو سامنے رکھ کر برے حالات کامقابلہ کررہے ہیں عوامی نیشنل پارٹی شہداء کے قربانیوں سے بھری پڑی ہے ملک قاسم شہید ،بشیر بلور،ہارون بلور،سرتاج خان،اور میاں افتخار کے بیٹے سمیت ہزاروں شہداء نے پشتونوں کے حقوق کیلئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور آئندہ بھی ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے کیونکہ باچا خان نے پشتونوں کے حقوق کیلئے 34سال صعوبتیں برداشت کئے اور جیل کاٹے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کو اس لئے نشانہ بنا یا جارہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ یہاں جمہوریت کی مضبوطی اور پشتونوں کی حقوق کیلئے بلا خوف وخطر جدوجہد کررہی ہے انہوں نے سانحہ کچلاک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے نقش قدم پر چل کر پشتونوں کی باقی ماندہ آرمانوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔