Live Updates

پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلائے جانے کا امکان

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کا 12رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا، ایئرپورٹس پر نظام کا جائزہ لیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 15 جولائی 2019 19:11

پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلائے جانے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15جولائی 2019ء) وزیراعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے ثمرات نظر آنے لگے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ کے لیے پاکستان سے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔ نظام وضع کرنے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کا 12رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی ٹرانسپورٹ سکیورٹی اتھارٹی پہلی بار پاکستان آئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کا 12رکنی وفد جیسن شوبل کی قیادت میں پاکستان آیا ہے۔ ٹی ایس اے ٹیم 18جولائی کو کراچی میں ایئرپورٹ کا دورہ کرے گی۔ ٹیم بورڈنگ اور سکرینگ پراسس وغیرہ معائنہ کرے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیم پاکستانی ایئرپورٹس کے نظام کو دیکھے گی اور تسلی بخش ہونے پر اسے کلیئر کر دیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع ہو سکیں گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے یہ ممکن ہو پایا ہے کہ امریکہ پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گا۔ اس سے پہلے امریکہ سے پاکستان یا پاکستان سے امریکہ آنے جانے کے لیے پرواز راستے میں کسی ملک میں رکتی تھی جس کی وجہ سے سفر کئی گھنٹے بڑھ جاتا تھا لیکن اب مسافروں کو یہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور مسافر پاکستان سے براہ راست امریکہ جا سکیں گے۔

مسافروں اور امریکہ میں مقیم تارکینِ وطن نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے موقع پر اس فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد امریکہ دورے پر جا رہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود وزیراعظم پاکستان کو امریکہ دورے کی دعوت دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات