Live Updates

جج ارشد ملک مبینہ ویڈیو کیس میں مریم نواز‘شہبازشریف اور دیگر کے خلاف مقدمہ

ایف آئی اے نے مریم نواز، شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر اور عظمیٰ بخاری کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے-ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 جولائی 2019 12:22

جج ارشد ملک مبینہ ویڈیو کیس میں مریم نواز‘شہبازشریف اور دیگر کے خلاف ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جولائی۔2019ء) احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو لیک کے معاملے پر ایف آئی اے نے جج ارشد ملک کی درخواست پر مسلم لیگ نون کی نائب صدرمریم نواز،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر لیگی راہنماﺅں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے.

مبینہ ویڈیو لیک کے معاملے پراحتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے آیف آئی اے کو درخواست دے دی تھی‘ایف آئی اے نے مریم نواز، شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر اور عظمیٰ بخاری کیخلاف مقدمہ درج کرلیا.

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان سب نے جھوٹی ویڈیو ایک پریس کانفرنس میں چلائی، ویڈیوسے بدنام کیا گیا، عزت کو نقصان پہنچایا گیا‘ویڈیو بنانے اس میں ردوبدل کرنے اور غیرقانونی استعمال کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے،ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے درج کی گئی.

ایف آئی آر کے متن کے مطابق بطور ڈسٹرکٹ جج تعیناتی کے دوران میاں طارق نے غیراخلاقی ویڈیو بنائی اور لیگی رہنما میاں رضا کو فروخت کی،ویڈیوکے ذریعے مجھے بلیک میل کیا گیا، جن میں ناصرجنجوعہ، ناصربٹ، خرم یوسف ،مہرغلام جیلانی شامل تھے. اپریل 2019 میں نوازشریف سے لاہور میں اور حسین نواز سے مدینہ میں ملاقات کروائی گئی. مقدمے میں مریم نواز، شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف ، عظمیٰ بخاری، پرویز رشید، احسن اقبال و دیگر کو نامزد کیا گیا‘ ایف آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مریم نواز نے ویڈیو ہیر پھیر کر کے دکھائی اور اسے ٹیمپر کر کے الیکٹرانک فارجری بھی کی.

ایف آئی آراندراج کے بعد بعدویڈیوبلیک میلنگ اسکینڈل میں میاں رضا نامی نیا کردار بھی سامنے آیا ہے جس نے ویڈیو میاں طارق سے خرید کر اسے آگے فروخت کیا، جج ارشدملک کی ہی شکایت پر ایف آئی اے نے دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے میاں طارق کو گرفتارکیا. متن میں کہا گیا ہے کہ جب ملتان میں ڈسٹرکٹ جج تھا تو میاں طارق نے غیراخلاقی ویڈیوبنائی، 5ماہ پہلے میاں طارق نےویڈیو مسلم لیگ (ن) کے رہنمامیاں رضا کو فروخت کی، ویڈیو کے ذریعے ناصرجنجوعہ،ناصربٹ،خرم یوسف،مہرگیلانی نے بلیک میل کیا اور کہا کہ نوازشریف کی مدد کرو.

جج ارشد ملک کی درخواست پر کاٹی جانے والی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ بلیک میل کرکے کہاجاتاتھا کہ تاثر پیش کروں نوازشریف کے خلاف فیصلہ دباﺅمیں دیا، مریم نواز،لیگی راہنماﺅں کوپریس کانفرنس کرتے دیکھ کرشدیدجھٹکالگا کیونکہ اس کا مقصد خاندان،عدلیہ کے خلاف گھناو¿نا پروپیگنڈاکرنا مقصود تھا.ارشد ملک نے وزیر قانون کو ویڈیو ریلیز ہونے کے بعد ایک خط تحریر کیا تھا جس میں پریس کانفرنس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی‘ ایف آئی آر ایف آئی اے کے اسلام آباد تھانے میں کاٹی گئی ہے.
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات