فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کا مختلف رہائشی کالونیوں کے مکینوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ہفتہ میں 2 روز کیمپ آفس لگانے کا اعلان

جمعرات 18 جولائی 2019 14:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے اپنی مختلف رہائشی کالونیوں کے مکینوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے ہر منگل و جمعرات کو افسران کے کیمپ آفس لگانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نسیم صادق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایف ڈی اے فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ای ای ایم ،ڈپٹی ڈائریکٹرٹائون پلاننگ اور ریکوری سیل سٹاف پر مشتمل ٹیم ہرہفتے میں منگل اور جمعرات کو دو دن کیلئے ایف ڈی کی مختلف کالونیوں میںلوگوں کے مسائل سن کر ان کے موقع پر ہی تدارک کیلئے احکامات و اقدامات یقینی بنائے گی۔

ایف ڈی اے کے ترجمان نے جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ ٹیم جس جس رہائشی کالونی کا دورہ کرے گی اس کا نہ صرف قبل از وقت میڈیا بلکہ مساجد کے ذریعے بھی اعلان یقینی بنایا جائے گا بلکہ اس موقع پر میڈیا کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہوگی تاکہ مسائل کی بہتر انداز میں نشاندہی ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں متعلقہ علاقوں میں بینرز بھی آویزاں کروائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ آگاہی حاصل کر کے کیمپ آفس پہنچ کر اپنے مسائل پیش کر سکیں۔

انہوںنے بتایاکہ 23جولائی بروز منگل کو ایف ڈی اے سٹی ، 25جولائی بروز جمعرات کو احمد نگر، 30جولائی بروز منگل کو گلبرگ کالونی ون اینڈ ٹو ، یکم اگست بروز جمعرات کو گلشن کالونی و عوامی کالونی،6اگست بروز منگل کو چک نمبر 212کالونی ، 8اگست بروز جمعرات کو چک نمبر 212ٹو ، 8اگست بروز جمعرات کو ہی چک نمبر 212تھری کالونی میں کیمپ آفس لگائے جائیں گے۔

انہوںنے بتایاکہ 20اگست بروز منگل کو سعید آباد ، 22اگست بروز جمعرات کو ویور کالونی ، 27اگست بروز جمعرات کو قائد اعظم بلاک،29اگست بروز جمعرات کو علامہ اقبال کالونی ،3ستمبر برو ز منگل کو ناظم آباد ،5ستمبر بروز جمعرات کو گلشن کالونی نڑ والا روڈ فیصل آباد پر کیمپ آفس لگایا جائے گاا ور عوامی مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوںنے ان کالونیوں کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ مقررہ تاریخ کو کیمپ آفسز میں آ کر اپنا مسئلہ بیان کر سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ دیگر ایام میں مذکورہ حکام عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ایف ڈی اے ہیڈ آفس میں موجود ہوں گے۔