عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری کی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت

سلیکٹڈ حکومت آمرانہ ادوار کی انتقامانہ کاروائیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،احتساب کے نام پر انتقام تاحال جاری ہیں، یونس بونیری

جمعرات 18 جولائی 2019 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنماء شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت آمرانہ ادوار کی انتقامانہ کاروائیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،احتساب کے نام پر انتقام تاحال جاری ہیں اور ڈرا ہو،سہما ہوا کھلاڑی تمام سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹا رہا ہے،عجب تاریخ ہے کہ آج سیاسی انتقام کا متاثر ہونے والا شخص ایک بار پھر سابق وزیر اعظم ہے،یہ شرمناک اور قابل مذمت ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 21جولائی کو مہنگائی کے خلاف اسپتال چورنگی لانڈھی ہونے والے جلسہ عام اور ایمل ولی کے لیے ائرپورٹ سے جلسہ گاہ تک استقبالی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں بٹگرام ہائوس ضلع و سطی کی کابینہ و مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس سے ضلعی صدر نیاز محمد خان ، جنرل سیکریٹری رئوف خان ،صوبائی رہنمائوں سراج مندوخیل،محمد خان آفریدی اور زاہد محمد نے بھی خطاب کیا ، صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے مذید کہا کہ ہر گزرتا دن پاکستان کے عوام کے لیے معاشی بربادی کا نیا پیغام لا رہاہے، حکومت کے اقدامات نے عوام اور تاجروں کو احتجاج پر مجبور کردیاہے، پی ٹی آئی حکومت نے ملک پر بدترین معاشی بدحالی مسلط کردی ہے حکومت کے خلاف دن بدن عوام کے غم و غصے میں اضافہ ہورہاہی, لوگوں کے لیے موجودہ مہنگائی میں ایک دن گزارنا مشکل ہو چکا ہے عام آدمی فاقوں پر مجبور ہے جبکہ حکومت کے معاشی ترجمان مزید مہنگائی کی نوید سنا رہے ہیں، کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیاہے، ان حالات میں عوام احتجاج نہیں کریں گے تو کیا حکومت کو دعائیں دیں اگر ایک بار ملک کساد بازاری کی دلدل میں پھنس گیا تو سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، شرح سود میں اضافہ کاروباری طبقہ کی تباہی کا نسخہ ہے تاجر اور کاروباری حضرات اس نالائق اور نااہل حکومت سے نجات کیلیے ہمارا ساتھ دیں، سیلیکٹڈ وزیراعظم بھوک سے بلکتے عوام کا اپنا طرز انتقام ہوتا ہے، آپ کا انجام قریب ہے،شہری مہنگائی کے خلاف 21جولائی کو اسپتال چورنگی لانڈھی میں ہونے والے جلسہ عام میں بھر پور شرکت کریں.