ایران نے برطانیہ کا تیل بردار جہاز چھوڑ دیا

جہاز چھوڑنے کی تصدیق جہاز کی آپریٹنگ کمپنی نوربلک شپنگ یوکے (Norbulk Shipping UK) نے بھی کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 12:18

ایران نے برطانیہ کا تیل بردار جہاز چھوڑ دیا
تہران (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : ایران نے تحویل میں لیے گئے برطانیہ کے تیل بردار جہاز کو چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے تحویل میں لیے گئے برطانوی تیل بردار بحری جہازوں میں سے ایک کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تیل بردار جہاز کو جانے کی اجازت دینے کی کی تصدیق جہاز کی آپریٹنگ کمپنی نوربلک شپنگ یوکے (Norbulk Shipping UK) نے بھی کردی ہے۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے اس سے قبل جاری کردہ اپنے بیان میں واضح طور پر خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے برطانیہ کا تحویل میں لیا گیا تیل بردار بحری جہاز نہ چھوڑا تو اسے انتہائی سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔عالمی خبررساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال کے باعث ایک دن میں دو مرتبہ '' کوبرا کمیٹی'' کے اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جو سنگینی کے عکاس ہیں کیونکہ غیر معمولی حالات ہی میں ایمرجنسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بی بی سی نے ایرانی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے کہا تھا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ ایک برطانوی جہاز کو اس نے اپنی فوج سے کہا ہے کہ بندرگاہ بندر عباس لے جا کر تفتیش کریں کیونکہ وہ کچھ مشکوک تھا۔ خیال رہے کہ برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایران کے انقلابی گارڈز نے برطانیہ کا بحری جہاز اغوا کیا ۔سٹینا ایمپیر ونامی بحری جہاز تیل لے کر سعودی عرب جا رہا تھا۔ کمپنی نے بتایا کہ بحری جہاز پر عملے کے 23 افراد موجود تھے جن سے رابطہ منقطع ہوگیا ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جہاز کو آبنائے ہرمز میں چھوٹی کشتیوں اور ہیلی کاپٹر نے گھیرا تھا۔جب کہ دوسری جانب گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ خلیج اومان میں تیل بردار جہازوں پر حملہ ایران نے کیا تھا۔