Live Updates

وزیراعظم عمران خان امریکی قیادت کے ساتھ ترجیحی تجارت کا معاہدہ طے کرنے کیلئے بات کریں

امریکا پاکستان کے لئے تجارتی رکاوٹیں دور اور پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں میں ترجیحی رسائی فراہم کرے تو باہمی تجارت موجودہ سطح 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر تک لائی جاسکتی ہے توقع ہے کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا ملکی معیشت کیلئے مفید ہوگا اور اس سے امریکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل و دیگر کا بیان

ہفتہ 20 جولائی 2019 14:34

وزیراعظم عمران خان امریکی قیادت کے ساتھ ترجیحی تجارت کا معاہدہ طے کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے دوران امریکی قیادت کے ساتھ ترجیحی تجارت کا معاہدہ طے کرنے کیلئے بات چیت کریں،امریکا پاکستان کے لئے تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور اور پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں میں ترجیحی رسائی فراہم کرے تو باہمی تجارت موجودہ سطح 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12ارب ڈالر تک لائی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کیا۔احمد حسن مغل نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کا پہلا دورہ امریکا ملکی معیشت کیلئے فائدہ مند ہو گا اور اس کے نتیجے میں ملک میں امریکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا جس وجہ سے بے شمار جانی قربانیاں دیں جبکہ ہماری معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی قیادت کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں کہ وہ ان نقصانات کاکچھ ازالہ کرنے کیلئے تمام ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور اور پاکستان کی مصنوعات کو اپنی منڈیوں میں ترجیحی رسائی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ صنعتی اداروں کو مضبوط بنانے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے اور پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں مزید جوائنٹ وینچرز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ نئی سرمایہ کاری کرے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان زیادہ تر ٹیکسٹائل مصنوعات امریکا کو برآمد کرتا ہے تاہم امریکا کی کل درآمدات میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کا حصہ صرف 3 فیصد ہے، لہذا وزیراعظم عمران خان امریکی قیادت کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں کہ وہ پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمدات کو مزید بڑھائے جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، ادائیگیوں کا توازن بہتر اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات