Live Updates

عوامی وزیراعظم ہوتا تو وفد کوسربراہ بن کرلیڈ کرتا، مریم نواز

اب تو سِکھا پڑھا کر سامنے بٹھا دینے کے دن بھی گئے، دنیا بھی جانتی ہے کہ سلیکٹڈ سے بات کرنے کا فائدہ نہیں۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر شدید تنقید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 جولائی 2019 20:39

عوامی وزیراعظم ہوتا تو وفد کوسربراہ بن کرلیڈ کرتا، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوامی وزیراعظم ہوتا تو وفد کو سربراہ بن کرلیڈ کرتا، اب تو سِکھا پڑھا کر سامنے بٹھا دینے کے دن بھی گئے،دنیا بھی جانتی ہے کہ سلیکٹڈ سے بات کرنے کا فائدہ نہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سلیکٹڈ بھی امریکہ کے وفد میں شامل ہے نا ؟ عوام کا وزیراعظم ہوتا تو وفد کا سربراہ بن کے وفد کو لیڈ کرتا! جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا ! ایسے اقتدار سے قید اچھی! مریم نواز نے کہا کہ اب تو سِکھا پڑھا کر سامنے بٹھا دینے کے دن بھی گئے۔

دنیا بھی جانتی ہے کہ سیلیکٹڈ سے بات کرنے کا فائدہ نہیں۔ اسکی حیثیت ایک کٹھ پتلی سے زیادہ کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب امریکہ گئے ہیں اصلی قیادت کو ساتھ لے کر گئے ہیں اب پتا نہیں یہ ان کو لے کر گئے ہیں یا وہ ان کو سلیکٹڈ وزیراعظم کی حیثیت سے لے کر گئے ہیں۔ ان کی تو اتنی اوقات نہیں ہے کہ ملک کی اکیلے نمائندگی کر سکیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف بے گناہ ہونے کے باوجود جیل میں ہیں۔ اس ویڈیو کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد میں اعلیٰ عدلیہ سے بھی درخواست کرتی ہوں نواز شریف جو تین دفعہ کا منتخب وزیراعظم ہے، ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں ان کو رہا کیا جائے اب اس کیس کی کوئی حیثیت نہیں رہ گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ بات درست ہے ادھر ادھر سے میسجز ملتے ہیں، ان میسجز کو آپ کیسے ریسپونڈ کرتے ہیں؟ وہ آپ کی صوابدید پر ہے۔

ڈیل کی لوازمات کو عمران خان جیسا سلیکٹڈ تو پورا کر سکتا ہے لیکن میاں صاحب، مریم نواز اور مسلم لیگ ن جمہوریت کی کمر پر چُھرا نہیں گھونپ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جو کام بھی سازش یا غلط طریقے سے ہوا ہے۔ چاہے چئیرمین سینیٹ ہو یا کوئی بھی ، وہ ریورس ہونا ہی ہونا ہے انشاءاللہ۔ مریم نواز نے کہا کہ میں آپ لوگوں کے توسط سے بتا رہی ہوں کہ کل فیصل آباد میں ضرور جاوں گی ریلی کی صورت میں ہو گی فیصل آباد کی عوام جو زیادہ تر تاجر حضرات ہیں میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر جا رہی ہوں اگر فرسٹ لیڈر شپ کو گرفتار کیا تو سیکنڈ آئے گی ان کو کیا تو عوام گھروں سے نکلے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات