Live Updates

صدر ٹرمپ نے مسلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی

پاکستان کے دورے کی دعوت ملی تو ضرور جاﺅنگا. امریکی صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 جولائی 2019 22:32

صدر ٹرمپ نے مسلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 جولائی۔2019ء) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ون آن ون ملاقات جاری ہے. دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں مدد کرسکا تو مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا. ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے کردار کو سراہا‘انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ہماری کافی مدد کررہا ہے پہلے بھی پاکستان افغانستان کے حوالے سے ہماری بہت معاونت کی ہے.

(جاری ہے)

وائٹ ہاﺅس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا‘دونوں سربراہان مملکت کے درمیان گرمجوش مصافحہ اور خیر مقدمی جملوں کا تبادلہ ہوا. وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وائٹ ہاﺅس پہنچے،عمران خان کو ٹرمپ اوول آفس لے گئے‘عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی ون آن ملاقات سے قبل دونوں سربراہان مملکت نے صحافیوں سے رسمی گفتگو کی.

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان سے ملاقات کو خوشگوار دیکھ رہا ہوں، امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں. عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات ایک گھنٹے سے زائد دورانیے پر محیط ہوگی،جس میں دونوں ممالک کے تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئیں گے. ملاقات میں امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ افغانستان کے معاملات پر پاکستان ہمارے ساتھ زبردست تعاون کر رہا ہے، پاکستان افغانستان میں مستقبل میں لاکھوں جانیں بچانے کا سبب بنے گا.صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی تعریف کی، کہا پاکستان کے لوگ بہت مضبوط ہیں، امریکا اچھے تعلقات چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، عمران خان اور میں دونوں نئے لیڈرز ہیں، مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پورے خطے میں خوش حالی ہوگی.

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی تو پاکستان ضرور جاو¿ں گا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات