جرمن پاکستان فورم کے زیر اہتمام سالانہ بورڈ ممبرز کا اجلاس پاکستانی سفارتخانہ برلن میں ہوا

ایمبیسیڈر جوہر سلیم نے شرکا کا استقبال کیا اورفورم ممبران کا پاک جرمن تعلقات کو مثبت انداز میں فروغ دینے پر شکریہ ادا کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 29 جولائی 2019 18:02

جرمن پاکستان فورم کے زیر اہتمام سالانہ بورڈ ممبرز کا اجلاس پاکستانی ..
برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2019ء،نمائندہ خصوصی،مطیع اللہ) جرمن پاکستان فورم کے زیر اہتمام سالانہ بورڈ ممبرز کا اجلاس پاکستانی سفارتخانہ برلن میں ہوا۔ ایمبیسیڈر جوہر سلیم نے شرکا کا استقبال کیا اورفورم ممبران کا پاک جرمن تعلقات کو مثبت انداز میں فروغ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ اوراس سلسلے میں سفارتخانے کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔



اجلاس کے آغاز میں سبکدوش ہونے والے صدر ڈاکٹر سعید چوہدری نے گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور تمام فورم ممبران نے انھیں انکی خدمات پرخراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فورم صدر، نائب صدراور دیگر بورڈ ممبرز کے چناوکے لیے ووٹنگ کروائی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر مشائل جانسن کو فورم کا صدرمنتخب کیا گیا۔

(جاری ہے)



پروفیسر جانسن گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان میں آثارِقدیمہ موہنجو داڑواور ہڑپہ پر تحقیقی مقالے شائع کر چکے ہیں اور انکی اعلٰی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے انھیں امسال ستارہ امتیاز سے نوازا ہے۔ اس اہم موقع پر فورم کی نئی تنظیم سازی کی گئی۔ شوائن فُرٹ شہر کی میئر سوریا لِپرٹ اور عمران مہر کو متفقہ طور پر نائب صدر، علی اصغر کو خزانچی اور دوسرے بورڈ ممبرز کو منتخب کیا گیا۔


تمام ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فورم سرگرمیوں کو جرمنی کے طول و عرض میں پھیلائیں گے۔ نئے ممبران کو متوجہ کرنے کے لیے کلچرل سرگرمیوں اور معلوماتی سیمینارز کا اہتمام کیا گائے گا۔ پاکستانی اسٹوڈنٹس کی مدد کے لیے مختلف ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ نئے منتخب کردہ صدر مشائل جانسن نے سفیرِ پاکستان کا اجلاس منعقد کر نے پرشکریہ اداکیا۔

ممبران نے اس بات کا عزم کیا کہ سیاسی افق پر جرمن سیاستدانوں اور وزارتِ خارجہ سے رابطہ کر کے فورم سرگرمیوں کو فعال کیا جائے گا اورمالی معاونت کے لیے جرمن بزنس کمیونٹی اور دوسرے اداروں سے رابطہ کر کے مدد لی جائے گی۔ اسکے ساتھ ساتھ جرمن عوام کو پاکستانی کلچرسے روشناس کروانے کے لیے پاکستانی کلچرل سائٹس کا دورہ کروانا بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ فورم ممبران نے عمران مہر کو نئی فورم ویب سائٹ پراحسن طریقے سے سرگرمیوں کو فروغ دینے پرداد دی۔

متعلقہ عنوان :