Live Updates

پاکستان کا بھارت سے تنازعات کے حل کیلئے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، امریکہ کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں؛ ترجمان فارن افس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 مئی 2025 14:00

پاکستان کا بھارت سے تنازعات کے حل کیلئے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2025ء ) پاکستان نے بھارت سے تنازعات کے حل کیلئے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی، مفاہمت کی حمایت میں دیگر دوست ریاستوں اور امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، جو کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم صدر ٹرمپ کی جانب سے جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کی کوششوں کی حمایت پر آمادگی کے اظہار کو بھی سراہتے ہیں، یہ ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے جس کے جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کے لیے سنگین مضمرات ہیں، پاکستان اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا کوئی بھی منصفانہ اور دیرپا تصفیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ترجمان فارن آفس نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بشمول ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنانا چاہیئے، پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کی کاوشوں میں امریکہ اور عالمی برادری کے ساتھ شامل ہونے کے لیے پرعزم ہے، ہم امریکہ کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات