پولیو کو صرف اجتماعی کوششوں سے ہی شکست دی جا سکتی ہے، کمشنر ڈیرہ جاوید مروت

جمعرات 8 اگست 2019 15:24

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) کمشنر ڈیرہ جاوید مروت نے کہا ہے کہ پولیو کے موذی مرض کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے اور اس سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرگہ ہال کمشنر ہائوس میں گزشتہ مہمات کے دوارن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افسران اور اہلکاروں میں توصیفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اُن تین ممالک میں سے ایک ہے جہاں پر ابھی تک پولیو کا خاتمہ نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پولیو فری پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے سوسائٹی کے ہر طبقے بلکہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہو گی کیونکہ یہ مرض نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کا ذمہ دار بن سکتا ہے۔آخر میں کمشنر ڈیرہ نے امید ظاہر کی کہ انشاء الله وہ دن دور نہیں جب ہم پولیو سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔

متعلقہ عنوان :