ظفروال : مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے ظلم و ستم کے خلاف ہندو برادری نے احتجاجی ریلی نکالی

ہندو سدھار سوسائٹی کے اراکین نے پاکستانی جھنڈے اٹھائے ہوئے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 14:14

ظفروال : مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے ظلم و ستم کے خلاف ہندو برادری نے ..
ظفر وال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء، نمائندہ خصوصی، جنید مصطفی) نارووال کی تحصیل ظفروال میں مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے ظلم و ستم کے خلاف ہندو برادری نے احتجاجی ریلی نکالی۔ اس احتجاجی ریلی میں تحصیل ظفروال کی تمام ہندو برادری نے شرکت کی اور کشمیریوں سے محبت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ہندو سُدھار سوسائٹی کے اراکین نے پاکستانی جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور ریلی کے دوران’ کشمیر بنے گا پاکستان‘ اور ’پاکستان زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔

(جاری ہے)

ہندو برادری کے مقامی رہنماء رتن لعل آریا نے انڈیا سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت بند کرنے اور وہاں سے اپنی اضافی فوج کو واپس لے جانے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح ہمارے دل میں بھی کشمیریوں کی محبت اور درد ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے ہماری ہندو کمیونٹی ہر محاذ پر سب سے پہلے کھڑی رہے گی۔’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعروں سے شروع ہوئی یہ پُرامن ریلی چونڈہ چوک میں اختتام پذیر ہو گئی۔