بارش بارش اور مسلسل بارش، عید سے قبل محکمہ موسمیات کی نئی پیشن گوئی

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش ہوگی، عید بھی بھیگی بھیگی گزرے گی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 اگست 2019 23:11

بارش بارش اور مسلسل بارش، عید سے قبل محکمہ موسمیات کی نئی پیشن گوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2019ء) بارش بارش اور مسلسل بارش، عید سے قبل محکمہ موسمیات کی نئی پیشن گوئی، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش ہوگی، عید بھی بھیگی بھیگی گزرے گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے لاہور کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی اگلے چند روز کے دوران مزید موسلادھار بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ جبکہ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں عید بھی بھیگی بھیگی گزرے گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ویل مارکڈ لو پریشر کی صورت میں سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ مون سون کا دوسرا سسٹم سندھ میں داخل ہوتے ہی کراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا۔ جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی ناموافق صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن نے 10 اور 11 اگست کے لئے اپنی بعض پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔