وفاقی وزیر نے لائن آف کنٹرول پہ جا کر بھارت کے خلاف لڑنے کا اعلان کر دیا

کشمیر کیلئے خون کا پہلا قطرہ میرا گرے گا، لائن آف کنٹرول پر جاکر لڑوں گا :علی امین گنڈا پور

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 11 اگست 2019 13:04

وفاقی وزیر نے لائن آف کنٹرول پہ جا کر بھارت کے خلاف لڑنے کا اعلان کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست2019ء) وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور نے لائن آف کنٹرول پہ جا کر بھارت کے خلاف لڑنے کا اعلان کر دیا، وفاقی وزیر نے کہا ہے کہکشمیر کیلئے خون کا پہلا قطرہ انکا گرے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جاکر لڑیں گے۔انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر کشمیر کیلئے خون کا پہلا قطرہ انکا گرے گا۔

وفاقی وزیر برائے امورِکشمیریات نے کہا کہ پورا ملک کشمیری بھائیوں کیلئے لڑنے کو تیار ہے اور اگر ایسی صورتحال ہوئی تو وہ خود لائن آف کنٹرول پر جاکر لڑیں گے۔ خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی ’یونین ٹریٹریز‘ میں تقسیم کردیا تھا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی فوج نے بھاری توپ خانے کے ساتھ ایل او سی کی جانب جانا شروع کر دیا ہے۔سینئیر صحافی حامد میر نے بتایا ہے کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول پر مورچے سنبھالنے لگی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے میرے بہت ہی متحرک دوستوں نے بتایا ہے کہ آج رات سے پاکستانی فوج نے بھاری توپ خانے کے ساتھ ایل او سی کی جانب جانا شروع کر دیا ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کی عوام پاکستانی جھنڈوں اور نعروں کے ساتھ فوج کا استقبال کر رہی ہے۔ نعرے لگائے جارہے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔